Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں


نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی۔ ملاقات میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔