سندھ کے سرکاری ملازمین کی ایچ آر ایم آئی ایس پورٹل پر رجسٹریشن لازمی قرار

محکمہ صحت سندھ نے سرکاری ملازمین کی ایچ آر ایم آئی ایس (HRMIS) پورٹل پر رجسٹریشن لازمی قرار دے دی، اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے سرکاری ملازمین کی رجسٹریشن سے متعلق اہم سرکلر جاری کر دیا۔
سرکلر کے مطابق گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے تمام سرکاری ملازمین کو فوری طور پر ایچ آر ایم آئی ایس پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ملازمین کو رجسٹریشن کے لیے 10 روز کی مہلت دے دی گئی، غیر رجسٹرڈ ملازمین کو مقررہ مدت میں اندراج مکمل کرنے جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ ملازمین کو بھی مطلوبہ دستاویزات پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سرکلر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد ملازمین نے تاحال پورٹل پر رجسٹریشن نہیں کروائی جبکہ بعض رجسٹرڈ ملازمین نے چھٹیوں کے لیے نامکمل دستاویزات اپ لوڈ کی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن مکمل نہ کرنے والے ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر تصور کیا جائے گا اور سرکاری احکامات کی عدم تعمیل پر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ صحت سندھ نے تمام ڈائریکٹرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ڈی ایچ اوز اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔





