شہرِ محبت،لاہور ابر آلود،تحریر: محمد احسان ثانی
نقطہ نظر
لاہور ایک عظیم اور قدیم شہر ہے۔ لاہور ایک ایسا شہر ہے جہاں پورے پاکستان سے لوگ حصولِ علم اور حصولِ روزگار کے سلسلے میں آتے ہیں اور پھر مستقل مقیم ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے لاہور کی آبادی میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ اس شہرِ بے مثال کی خوب صورتی، تہذیبی و ثقافتی روایات اور تاریخی عمارات شہر کو دیدہ زیب بناتی ہیں۔ تاہم، پچھلے کئی سالوں سے لاہور فضائی آلودگی کی تمام حدیں عبور کر چکا ہے۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق، نومبر ۲۰۲۶ء میں ایک بار پھر لاہور دنیا بھر کا آلودہ ترین شہر قرار دیا جا چکا ہے۔ شہر کا مجموعی فضائی معیار کا اشاریہ مختلف مقامات پر ۳۰۰ سے ۷۰۰ کے درمیان تک ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے شہر کی آلودہ آب و ہوا کے متعین حدود سے تجاوز کر جانے کی بنا پر اسے دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا گیا ہے۔ بھارت کا گنجان آباد شہر دہلی دوسرے نمبر پر، جب کہ تیسرا نمبر ایک اور شہر کا ہے۔
لاہور کی فضا میں ہر طرف اسموگ دکھائی دے رہی ہے اور ہوا میں کئی قسم کے مضرِ صحت خطرناک کیمیائی مادے تحلیل ہو چکے ہیں۔
فضائی معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) فضا میں آلودگی کے تناسب کو ماپنے کا پیمانہ ہے، جس کی مدد سے یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ کسی علاقے کی فضا کتنی صاف یا آلودہ ہے۔ اے کیو آئی کا نظام کسی علاقے میں نصب کیا جاتا ہے، جو علاقے کی فضا میں موجود کیمیائی مادوں، گرد و غبار، دھویں اور دیگر مضرِ صحت عناصر کی پیمائش کرکے اس کا اشاریہ اسکرین پر اعداد اور مختلف رنگوں کی شکل میں ظاہر کرتا ہے۔
فضائی معیار کے اشاریے کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ صفر سے لے کر پچاس تک صاف اور سازگار ماحول ہوتا ہے، جسے گہرے سبز رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ یہ آب و ہوا انسانی صحت کے لیے محفوظ ترین قرار دی جاتی ہے۔ پچاس سے لے کر ایک سو تک بہتر ہوا ہوتی ہے۔ اشاریے کے بورڈ پر اس کا رنگ ہلکے سبز یا پیلے رنگ سے دکھایا جاتا ہے۔ ایک سو سے ایک سو پچاس تک کی ہوا کو تشویش ناک ماحول کی شروعات مانی جاتی ہے، جو دمے کے مریضوں، بچوں، حاملہ خواتین اور بزرگوں کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے، تاہم اسے کسی حد تک قابلِ قبول زمرے میں شامل کیا جاتا ہے۔ اس اشاریے کو نارنجی رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔
ایک سو پچاس سے دو سو تک ہوا میں آلودگی کا یہ تناسب اشاریے کے بورڈ پر سرخ رنگ سے ظاہر ہوتا ہے۔ یہ ہوا انسانی صحت اور جان کے لیے خطرناک قرار دی جاتی ہے۔ دو سو سے تین سو تک ہوا میں آلودگی کی یہ شرح انتہائی خطرناک ہو جاتی ہے، جس کے بعد ہوا میں بیماریاں پھیلانے والے عناصر شامل ہو کر انسانی صحت کے لیے تشویش ناک نتائج کا باعث بننا شروع ہو جاتے ہیں۔ فضائی معیار کے اشاریے کے ان اعداد و شمار کو جامنی رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ تین سو سے پانچ سو تک اے کیو آئی کی سطح کو عنابی یا گہرے سرخ رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ ایسی صورتِ حال میں تمام انسانوں کے لیے انتباہ جاری کر دیا جاتا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور تمام تر ہدایات پر عمل کرکے خود کو محفوظ بنائیں، بصورتِ دیگر ہوا میں آکسیجن کی کمی اور کیمیائی مادوں کی زیادتی کی وجہ سے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ہوا اور فضا میں آلودگی کے اس تناسب کو سامنے رکھتے ہوئے ہم سب پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، اور یہی ذمہ داریاں ہمارے ماحول کو صاف ستھرا اور محفوظ بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
پودے اور درخت لگائے جائیں۔ یقیناً پودے آکسیجن حاصل کرنے کا سب سے بڑا قدرتی ذریعہ ہیں۔ درخت انسانی سانس کے لیے سب سے اہم عنصر، آکسیجن، پیدا کرتے ہیں، جس کی بنا پر زمین پر درختوں کی پیداوار ناگزیر حیثیت کی حامل ہے۔ درخت لگانے اور درختوں کی بلا ضرورت اور غیر قانونی کٹائی روکنے کے لیے خاص اقدامات کیے جائیں اور اس پیغام کو عوامی و عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔
دھواں چھوڑنے والے کارخانوں اور گاڑیوں کی روک تھام: لاہور شہر میں آبادی کے تناسب سے ٹریفک کا رش تشویش ناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ دھواں چھوڑتی گاڑیاں، بے ہنگم ٹریفک، ہارن کی مسلسل آوازیں اور سڑکوں پر حادثات، یہ سب مل کر فضا کو خطرناک حد تک آلودہ کر رہے ہیں۔ دھواں چھوڑتی ان گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرکے جرمانے کیے جائیں، تاکہ ایسی گاڑیاں ٹریفک کے نظام، آب و ہوا اور انسانی صحت کے لیے نقصان کا باعث نہ بنیں۔ اسی طرح دھواں چھوڑتی فیکٹریاں اور کارخانے شہر سے باہر منتقل کر دیے جائیں۔ کیمیائی مادوں کا اخراج کرنے والے کارخانوں کو مناسب مگر سخت ہدایات جاری کی جائیں، جن کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ ماحول کو آلودگی سے حتی الامکان محفوظ بنایا جا سکے۔ گرد و غبار کو قابو میں رکھنے کے لیے نجی و سرکاری سطح پر ہونے والے ترقیاتی و تعمیری کاموں کو اعتدال اور احتساب کے اصولوں پر پرکھا جائے۔
فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے، نیز بھٹوں کی غیر معمولی دھواں چھوڑتی چمنیوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ فصلیں اور کوڑا جلانے سے خطرناک دھواں ہوا میں شامل ہو کر فضا کو آلودہ کرتا ہے اور انسانوں اور جانوروں کے سانس لینے کے عمل میں دشواری کا باعث بنتا ہے۔
ہمیں چاہیے کہ اپنے وطنِ عزیز کو صاف ستھرا رکھنے میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں، خصوصاً شہر لاہور کو، جسے پاکستان کا دل کہا جاتا ہے اور جو ہم سب پاکستانیوں کے لیے روزگار اور حصولِ علم کا سب سے اہم اور بڑا مرکز ہے۔ اسے صاف ستھرا رکھیں۔ ایسے تمام غیر ذمہ دارانہ، غیر ضروری اور غیر قانونی افعال ترک کر دیں جو لاہور کو دنیا کا سب سے آلودہ شہر بنا رہے ہیں۔ موجودہ صورتِ حال پر کسی شاعر نے کیا خوب نقشہ کھینچا ہے:
کیا دیکھنا ہے کچھ بھی دکھائی نہ دے اگر
کیا فائدہ کہ دید کا احساں اٹھائیے
ملتا ہے ایک غبار دھویں میں ملا ہوا
اک دھند روبرو ہے جو مژگاں اٹھائیے





