آدھی رات کا وقت تھاـ ہر طرف گہری خاموشی چھائی ہوئی تھی ـ سخت سردی اور دھند کی وجہ سے انسان تو کیا تمام چرند پرند تک سر شام اپنے اپنے گھروں اور گھونسلوں میں چھپے بیٹھے تھےـ نونی چڑیا کی آج طبیعت ٹھیک نہیں تھی جس کی وجہ سے وہ دانہ دنکا چگنے نہیں جا سکی تھی اور اب اُس کے ننھے منے بچے اور وہ بھوک سے نڈھال بیٹھی تھی ـ اُس کے تینوں بچے بہت ہی چھوٹے تھے، ابھی تو اُن کے پر بھی نہیں نکلے تھےـ نونی چڑیا نے آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: " اللہ پاک! میں کیا کروں؟ اِن کا باپ پچھلے دنوں ایک شکاری کے ہاتھوں مارا گیا ہےـ اب میں اکیلی جان کیا کروں؟ یہ انسان اپنے شوق پورے کرتے وقت ہم بے زبانوں کے بارے میں کیوں نہیں سوچتےـ" اتنی دیر میں وہ درخت جس پر اُس کا چھوٹا سا آشیانہ( گھونسلہ) تھا، زور زور سے ہلنے لگا اور ساتھ ہی عجیب و غریب سی آوازیں آنا شروع ہو گئیں ـ پہلے وہ سمجھی کہ زلزلہ ہے مگر آواز سے اُسے اندازہ ہوا کہ یہ تو " کلہاڑی " کی آواز ہےـ وہ فوراً گھونسلے سے باہر نکلی تو اُس کی نظر پانچ، چھے افراد پر پڑی جو درختوں پر کلہاڑیوں سے وار کر رہے تھےـ وہ گھبرا اُٹھی اور زور زور سے چلانا شروع کر دیا، اردگرد سے تمام پرندے جمع ہو گئے مگر اتنی دیر میں وہ درخت گر گیا اور نونی کے تینوں بچے اُس درخت کے نیچے دب گئےـ اُس نے اونچی آواز میں رونا شروع کردیا مگر اُس بیچاری کی آواز کسی نے نہ سنی اور وہ درخت کاٹتے رہے، یہاں تک کہ صبح ہو گئی اور وہ سب گاڑیوں میں وہ سب ڈال کر لے گئےـ تمام پرندے نونی کی وجہ سے بہت پریشان تھےـ اُس کا رو رو کر برا حال تھاـ
بی کوئل اُس کے لئے تازہ تازہ دانہ لے کر آئی مگر اُس نے کھانے سے انکار کر دیاـ چنی کوی نے کہا: " دیکھو نونی! اب اللہ کی رضا یہی تھی ـ ایسے رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گاـ ہم سب کو مل کر کچھ سوچنا ہو گا، کچھ کرنا ہوگاـ"
مینا بولی: " ہم اِن انسانوں کے ساتھ کیسے لڑ سکتے ہیں؟ پہلے تو کبھی کبھار درخت کٹتے تھے مگر اب تو ہر دوسرے دن کا یہ کام ہو گیا ہےـ اگر ایسے ہی سب چلتا رہا تو سب پیڑ پودے ختم ہو جائیں گےـ ہمارا ہرا بھرا جنگل ویران ہو جائے گاـ" بی طوطی بولی: " یہ انسان ساری دھرتی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ـ ہمارے جنگل کے ساتھ جو نہر تھی وہ بھی سوکھتی جا رہی ہے اور اتنی گندی ہو چُکی ہے کہ اُس سے ایک گھونٹ بھی پینے کو دل نہیں کرتا اور جو چھوٹی چھوٹی مچھلیاں تھیں، وہ بھی تقریباَ سب مر چُکی ہیں "ـ
اتنے میں خالہ لومڑی کا وہاں سے گزر ہوا تو سب کو سر جوڑے بیٹھے دیکھا تو رک گئی اور پوچھا: " سب خیر تو ہے؟ آج کیا کھانے پینے کا ارادہ نہیں کیا؟ سورج سر پر آ گیا ہےـ برکت کا وقت تو تم لوگ باتوں میں گزار رہے ہوـ" بی کوی نے جب ساری بات بتائی تو اُس کا دل غم سے بھر گیا اور اُس نے کہا: " چلو! سب بادشاہ سلامت کے پاس چلتے ہیں اور اُن سے مشورہ کرتے ہیں ـ" سب خالہ لومڑی کی ہمراہی میں شیر بادشاہ کے پاس پہنچے اور اپنا آنے کا مقصد بیان کیاـ اسی اثنا میں ہاتھی، بندر، چیتا، زرافہ وغیرہ سب کے سب بھاگے آئے اور بندر نے پھولی سانسوں سے بتایا کہ" میں اور میرے بچے جس درخت پر جھولا جھول رہے تھے وہ ابھی ابھی دو انسانوں نے گرا دیا ہےـ شُکر ہے کہ ہم نے بروقت چھلانگ لگا کر دوسرے درخت پر پناہ لے لی ـ ہاتھی نے بتایا: " کہ میرے بچے نہر میں نہانے گئے تو وہاں انسانوں کی طرف سے گرائی گئی گندگی خاص طور پر پلاسٹک کے تھیلے، میرے چھوٹے ٹونی کے گلے میں پھنس گئے، بڑی مشکل سے ہم سب نے مل کر نکالا ہےـ" اسی طرح سب اپنے اپنے مسئلے بتا رہے تھے جب کہ شالی گدھا چُپ چاپ کسی گہری سوچ میں تھاـ آخرکار شیر نے پوچھا:" گدھے میاں! تُم کیوں اتنے خاموش بیٹھے ہو؟" اُس نے کہا: " بادشاہ سلامت! یہ انسان دن بہ دن ہماری اِس دھرتی ماں کا حسن ختم کر رہے ہیں ـ صرف رونے دھونے سے اور باتیں بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گاـ ہم سب کو حل سوچنا ہو گاـ" سب نے پورا دن لگا کر ایک پلان بنایا اور سب پرسکون ہو کر گھروں کو لوٹ گئےـ
بندر درخت کی سب سے اونچی شاخ پر بیٹھا تھا جیسے ہی اُس نے جیپ سے اترتے آدمیوں کو دیکھا تو فوراً سب کو اطلاع دے دی اور ملکہ مکھی کو بھی سب سمجھا دیاـ جیسے ہی وہ اپنی کلہاڑیوں کے ساتھ درختوں کے پاس آئے، سب جانوروں نے اُن پر حملہ کر دیا، شہد کی مکھیوں نے ملکہ کے حکم سے اُن کو کاٹنا شروع کر دیاـ بندروں نے اُن کے اوزار اُٹھا کر دوڑ لگا دی ـ شیر اور چیتے کی للکار سے وہ آدمی اپنے جوتے تک چھوڑ کر بھاگ گئےـ
شالی گدھا صبح سے نہر کنارے پہرہ دے رہا تھا اُس نے جیسے ہی ایک گاڑی کو کچرے سے بھرا دیکھا تو " ڈھینچوں ڈھینچوں " کی آواز لگا کر سب کو اکٹھا کر لیا اور پھر اُسی طرح سے اُن کو بھی مار بھگایاـ سب پرندے اور جانور بہت خوش تھے اور حیران تھے کہ یہ خیال اُن کو پہلے کیوں نہ آیاـ بادشاہ نے سب جانوروں اور پرندوں کو اُن کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیاـ بی لومڑی کو پورے جنگل کا جاسوس مقرر کیا گیا جس کا کام ہر آنے جانے والے پر نظر رکھنا تھاـ بندر کو جنگل کی حفاظت پر اور گدھے کو نہر کنارے کی حفاظت پر مامور کیا گیاـ اسی طرح ہر ایک کو کوئی نہ کوئی ذمہ داری سومپی گئی ـ کچھ ہی دنوں میں پورے جنگل کی ہریالی واپس آ گئی اور نہر بھی صاف ستھری ہو گئی ـ
آج ماحولیات کا عالمی دن منایا جا رہا تھا اور شمائل کے اسکول میں ایک انوکھی سرگرمی کی جا رہی تھی ـ اُن کے اساتذہ نےتقاریر اور ٹیبلو وغیرہ کرنے کی بجائے طلباء کو قریبی جنگل اور اردگرد کے قدرتی ماحول کو دکھانے کا فیصلہ کیا، تاکہ اُن کو بتایا جائے کہ ہم نے اِن کی حفاظت کیسے کرنی ہے اور اِن کو کیسے بچانا ہے؟ سب بچے خوشی خوشی اپنے کھانے پینے کا سامان لے کر جیسے ہی جنگل کے قریب پہنچے تو لومڑی نے سب کو خبر کر دی کہ انسانوں کا قافلہ آ رہا ہےـ بندر نے سب سے اونچی شاخ سے دیکھا تو اُسے کچھ مختلف نظر آیاـ وہ بھاگا بھاگا شیر کے پاس پہنچا اور کہا: " بادشاہ سلامت! یہ اُن لوگوں سے مختلف ہیں جو درخت کاٹنے آتے تھےـ اِن کے ہاتھوں میں اوزار نہیں ہیں بلکہ کتابیں ہیں اور یہ بہت پیارے سے بچے ہیں"ـ سب جانور ایک طرف جمع ہو گئے اور تمام پرندے درختوں پر بیٹھ گئےـ شمائل اور اُس کے دوست صاف ستھرا اور ہرا بھرا جنگل دیکھ کر بہت خوش ہوئےـ نہر کے کنارے گدھا اپنی ڈیوٹی دے رہا تھاـ سب بچوں نے وہاں چادر بچھائی اور کھانا پینا شروع کر دیاـ کچھ شرارتی بچوں نے چپس کے ریپر، جوس کے ڈبے جیسے ہی نہر میں گرانے لگےتو شالی نے زور زور سے چلانا شروع کر دیا اور زور سے زمین پر دولتی مارتے ہوئے اپنے غصے کا اظہار کیاـ شمائل کے سر راشد کو سمجھ آ گئی وہ شالی کے پاس آئے اور پیار سے اُس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا: " تُم فکر مت کروـ میں انہی سے سب صاف کرواؤں گاـ" سر راشد نے اُن بچوں کو ڈانٹا اور ساری صفائی اُن سے کروائی ـ سارا کچرا ایک بڑے تھیلے میں اکٹھا کیا اور سب کو اپنے سامنے بٹھا کر کہا: " پیارے بچو! آپ کو معلوم ہے نا! آج پوری دنیا میں کون سا دن منایا جا رہا ہے اور اِس کا مقصد اپنی زمین کو اور اِس پر بسنے والی تمام مخلوقات کو بچانا ہےـ آپ نے دیکھا، جس گدھے کو آپ سب بیوقوف کہتے ہو وہ کتنا عقلمند ہے( شالی نے اپنا نام سنتے ہی فخر سے گردن اونچی کی اور ڈھینچوں کی آواز لگاتے لگاتے رک گیا، کیونکہ اُس نے سن رکھا تھا کہ جب کوئی گفتگو کر رہا ہو تو درمیان میں مت بولو) اُس نے کیسے آپ سب کو نہر میں گند گرانے سے روکا( تمام جانور بھی اُن کے پیچھے آ کر بیٹھ گئے تھے اور آج انوکھی سرگرمی دیکھ رہے تھے) ہمیں اللہ پاک نے کتنی نعمتوں سے نوازا ہے مگر ہم بہت ناقدری کر رہے ہیں ـ آج یہاں لانے کا مقصد یہ تھا کہ آپ قدرتی ماحول اور کھلی فضا کو دیکھیں ـ آپ کو اندازہ ہو کہ تازہ اور صاف ہوا آپ کے دل دماغ پر کتنا اچھا اور گہرا اثر قائم کرتی ہےـ اِس ہرے بھرے سبزے کی خوشبو کو محسوس کریں ـ صاف ستھرا پانی نہ صرف ہم انسانوں کے لئے بہت ضروری ہے بلکہ اِن حیوانات کے لئے بھی اشد ضروری ہےـ مگر انسان ان نہروں اور دریائوں کو آلودہ کر کے سب جانداروں کو ختم کرنے کے در پے ہیں ـ جنگلات کو بے دردی سے کاٹا جا رہا ہےـ اِن درختوں پر پرندوں کی زندگی کا انحصار ہے( نونی چڑیا کو اپنے بچے یاد آ گئے اور وہ پھر سے رو پڑی) پیارے بچو! کچھ لوگ ایندھن کے لئے، کچھ گھروں اور دکانوں کی تعمیر اور کچھ پیسوں کی لالچ میں درخت کاٹ کر فطری حُسن کو ختم کر رہے ہیں ـ درختوں کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات بھی تیزی سے ناپید ہو رہی ہےـ پرندوں کے وہ نغمے ختم ہوتے جا رہے ہیں ـ شکاری اپنے شوق کے لئے جانوروں کو مارتے جا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب سیلاب اور طوفان بہت زیادہ ہو گئے ہیں ـ گرمی دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہےـ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم نے اِس زمین کو اور تمام جانداروں کو بچانا ہے کیونکہ اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو ہماری آنے والی سب نسلیں تباہ ہو جائیں گی ـ آئیں آج کے دن ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم اِن سب کی حفاظت کریں گے اور اپنی زمین کا قرض اِس کی حفاظت کرکے ادا کریں گےـ" سب بچوں نے بلند آواز سے کہا: " اِن شاء اللہ! " اور سب واپسی کے لئے جنگل سے روانہ ہو گئےـ اُس دن تمام جانور بہت خوش تھےـ نونی چڑیا نے نئے درخت پر اپنا آشیانہ بنا لیا تھاـ سب چرند پرند اُس رات بہت سکون سے سوئے کیونکہ اب اُن کو کوئی خطرہ نہیں تھاـ






