سوئٹزرلینڈ، برقع پابندی کے خلاف احتجاج پر پولیس کا دھاوا، مسلم خواتین کے نقاب اتارنے کی کوشش

سوئٹزرلینڈ میں عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے اور برقع پہننے پر پابندی کے قانون پر عمل درآمد کے دوران پولیس نے ایک مقامی ریلوے اسٹیشن پر احتجاج کرنے والی مسلم خواتین کے گروپ کے خلاف کارروائی کی۔ خواتین پابندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کر رہی تھیں، جس پر پولیس نے مداخلت کی اور ان کے نقاب اتارنے کی کوشش کی۔
سوئٹزرلینڈ میں چہرہ ڈھانپنے پر پابندی کا قانون یکم جنوری 2025 سے نافذ ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر برقع سمیت چہرہ ڈھانپنے والے لباس پہننے پر پابندی عائد ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے ایک ہزار سوئس فرانک تک جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
حکومت کے مطابق اس پابندی کا اطلاق طیاروں، سفارتی اور قونصلر احاطوں پر نہیں ہوتا، جبکہ عبادت گاہوں اور دیگر مقدس مقامات پر بھی چہرہ ڈھانپنے کی اجازت ہے۔ صحت اور حفاظت سے متعلق وجوہات، مقامی رسم و رواج اور موسمی حالات کے باعث بھی چہرہ ڈھانپنے کی اجازت دی گئی ہے۔
قانون میں فنکارانہ اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ اشتہارات کے لیے بھی استثنا رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اظہارِ رائے اور اجتماع کی آزادی کے استعمال کے دوران ذاتی تحفظ کے لیے چہرہ ڈھانپنے کی اجازت ہو سکتی ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ حکام کی پیشگی منظوری ضروری ہے تاکہ امنِ عامہ متاثر نہ ہو۔
یاد رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں برقع پر پابندی سے متعلق اس قانون پر 2021 میں ریفرنڈم کرایا گیا تھا، جس میں پابندی کے حق میں ووٹ دیے گئے تھے۔ بعد ازاں 2023 میں پارلیمنٹ نے بھی اس کی منظوری دے دی تھی، جبکہ قانون کا باقاعدہ نفاذ یکم جنوری 2025 سے ہوا۔
مزید پڑھیں




