Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تاوینگوا موکلانی آئی سی سی کے نئے ڈپٹی چیئرمین مقرر


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا موکلانی کو نیا ڈپٹی چیئرمین مقرر کردیا ہے، وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے زمبابوین ہیں۔ تاوینگوا موکلانی نومبر 2027 تک آئی سی سی ڈپٹی چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دیں گے اور عمران خواجہ کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے، جو ڈپٹی چیئرمین کے منصب سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ تاوینگوا موکلانی پہلے ہی آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی اور نومینیشنز کمیٹی کے رکن ہیں، جبکہ وہ ہیومن ریسورسز اینڈ ریمیونریشن کمیٹی کی سربراہی بھی کررہے ہیں۔ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے تاوینگوا موکلانی کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ انتظامیہ میں ان کا تجربہ، عالمی کھیل کی سمجھ بوجھ اور کرکٹ کی ترقی کے لیے ان کا عزم آئی سی سی بورڈ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ جے شاہ کے مطابق تاوینگوا موکلانی کی تقرری زمبابوے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ کرکٹ اس وقت عالمی سطح پر توسیع اور اولمپکس میں واپسی سمیت ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔ تاوینگوا موکلانی کی آئی سی سی میں بطور ڈپٹی چیئرمین تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب زمبابوے 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کی تیاری کررہا ہے۔ 2027 کے ورلڈ کپ کی میزبانی زمبابوے، جنوبی افریقا اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔ یہ 24 سال بعد پہلا موقع ہوگا جب آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ ایک مرتبہ پھر افریقی سرزمین پر کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل افریقا میں آخری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2003 میں جنوبی افریقا میں منعقد ہوا تھا۔ ڈپٹی چیئرمین مقرر ہونے پر تاوینگوا موکلانی نے آئی سی سی بورڈ کے ارکان کے اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک دلچسپ دور میں داخل ہورہی ہے، بالخصوص اولمپکس میں واپسی اور کھیل کے عالمی پھیلاؤ کے تناظر میں، اور وہ عالمی کرکٹ کے بہترین مفاد میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔ کرکٹ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں دوبارہ اولمپک کھیلوں کا حصہ بننے والی ہے، جسے کھیل کے روایتی مراکز ایشیا، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے باہر عالمی سطح پر کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔