ایران میں امریکی حملوں میں جنگی جرائم کے شواہد، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اہم انکشاف

جنیوا: اقوام متحدہ کے ایران سے متعلق آزاد بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ مشن نے کہا ہے کہ اسے معقول شواہد ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ فروری میں ایران کے ایک اسکول اور اسپورٹس کمپلیکس پر ہونے والے دو حملوں کے پیچھے امریکی افواج کا ہاتھ تھا، جبکہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔ نئی رپورٹ کے مطابق مشن نے فروری میں شروع ہونے والی جنگ کے دوران ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ گزشتہ برس دسمبر کے اواخر میں شروع ہونے والی ملک گیر بدامنی سے نمٹنے کے لیے ایرانی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میناب شہر میں واقع شجرہ طیبہ پرائمری اسکول پر حملے کے ذمہ دار امریکی فوجی تھے۔ ایرانی حکام کے مطابق اس حملے میں 120 بچوں سمیت 150 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مطابق حملے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت اور شہری انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شجرہ طیبہ پرائمری اسکول پاسداران انقلاب کے ایک کمپلیکس کے قریب واقع تھا، تاہم امریکی فوج کے ٹارگٹنگ ڈیٹا میں اسکول سے متعلق معلومات کو اپ ڈیٹ نہ کرنا اور حملے سے قبل اس بات کی تصدیق نہ کرنا کہ عمارت فوجی ہدف ہے یا نہیں، محض غفلت سے بڑھ کر اقدام تھا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق اسکول واضح طور پر شناخت کے قابل شہری عمارت تھی اور مشن کو ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اسے کبھی فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔ رپورٹ میں لامرد شہر کے ایک اسپورٹس سینٹر پر ہونے والے حملے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ مشن کے مطابق اس حملے سے قریبی رہائشی عمارتوں اور ایک اسکول کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ 22 عام شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں اس کارروائی کو جنگی جرم قرار دیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے مارچ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج نے اس روز لامرد شہر پر کوئی حملہ نہیں کیا تھا۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن نے اپنی رپورٹ میں ایرانی حکومت سے متعلق بھی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ مشن کے مطابق حکومت مخالف مظاہروں کو دبانے کے لیے کیے گئے مہلک کریک ڈاؤن کے دوران ایرانی حکومت نے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا۔ اقوام متحدہ کے ایران سے متعلق آزاد بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ مشن کا مینڈیٹ ایران میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی دستاویز بندی اور ان کی تحقیقات کرنا ہے۔
مزید پڑھیں





