دارالحکومت کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں عوام کے مفاد میں نہیں،طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں نہ تو جمہوری سیاست کا حصہ ہیں اور نہ ہی عوام کے مفاد میں ہیں۔ رہنما تحریک انصاف جنید اکبر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی سیاست اور حکمرانی کے ذریعے خیبرپختونخوا کو جس بدامنی، بدانتظامی اور سیاسی انتشار سے دوچار کیا، اسے سومنات بنانے کی سیاست نہ کہا جائے تو اور کیا کہا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب اسلام آباد کے بارے میں اس طرح کی زبان اور ایسے عزائم ناقابلِ قبول ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، تاہم دارالحکومت کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں نہ جمہوری سیاست کے زمرے میں آتی ہیں اور نہ ہی عوام کے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو نقصان پہنچانے کے بارے میں سوچنے کے بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
مزید پڑھیں





