جنرل اسمبلی میں ٹرمپ کا پاک بھارت جنگ کا تذکرہ، شہباز شریف کو عظیم لیڈر قرار دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو عظیم لیڈر قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں 8 جنگیں رکوائی ہیں، جبکہ دیگر رہنما صرف امن کی باتیں کرتے ہیں، لیکن وہ عملی اقدامات کرتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایک عظیم لیڈر ہیں، جنہوں نے پاک بھارت جنگ بندی کا کریڈٹ انہیں دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں۔ امریکی صدر نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ایران پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ایران کو تباہ کر دیا جائے یا اسے پنپنے کا موقع دیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج نے ایران کے ایٹمی منصوبے کو پہاڑوں کے نیچے دفن کردیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ پہلے ایران مشرق وسطیٰ میں بدمعاشی کرتا تھا، لیکن اب وہ ایسا نہیں کرسکتا۔ ان کے مطابق امریکا نے ایران کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی ہے۔ امریکی صدر نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کے ساتھ ڈیل ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں




