ترکمانستان نے ایرانی طیارے کو فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

تہران: ترکمانستان نے ایرانی طیارے کو پابندیوں کے باعث اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکمانستان کی جانب سے ایرانی طیارے بوئنگ 737 کو فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر پرواز کو واپس تہران لوٹنا پڑا۔ ایرانی سول ایوی ایشن کے مطابق ترکمانستان میں اجازت نہ ملنے پر طیارے کو ہنگامی طور پر تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ جس کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والی تمام ایئرلائنز کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ واضح رہے کہ ایرانی پرواز تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تاہم ترکمانستان کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث پرواز واپس لوٹ گئی۔ حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پروازوں کی معطلی سے متعلق ایران کو تاحال باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔ جبکہ اماراتی ہوائی اڈوں کے ڈیپارچر بورڈز سے ایرانی پروازوں کا شیڈول بھی ہٹا دیا گیا۔دوسری جانب آذربائیجان نے 22 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کر دی ہیں جبکہ جارجیا نے بھی 21 ستمبر سے پابندیوں کی زد میں آنے والی ایرانی پروزوں کو روک دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق عراق، عمان اور قطر سے بعض بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔
مزید پڑھیں





