Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسکاٹ لینڈ کے دور افتادہ جزیرے پر 34 سال بعد بچے کی پیدائش

مصنف:

لندن: اسکاٹ لینڈ کے دور افتادہ جزیرے نارتھ رونالڈسے میں 34 سال سے زائد عرصے بعد ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر جزیرے کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔


امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایلس ٹریل فورڈ کے ہاں 15 ستمبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام ڈنکن وائلڈر تھورسٹین ٹریل سواریز فورڈ رکھا گیا ہے۔ یہ 34 سال کے دوران جزیرے پر ہونے والی پہلی ولادت ہے۔نارتھ رونالڈسے جزیرہ آرکنی کے شمالی ترین علاقے میں واقع ہے، جس کی لمبائی تقریباً تین میل اور چوڑائی دو میل ہے۔ایلس ٹریل فورڈ اپنے منگیتر جارج سواریز اور خاندان کے ہمراہ کوسٹا ریکا اور نارتھ رونالڈسے میں وقت گزارتی ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی منصوبہ یہ تھا کہ بچے کی پیدائش کوسٹا ریکا میں ہوگی اور اسی سلسلے میں واپسی کی پروازوں کی بکنگ بھی کرائی گئی تھی، تاہم جزیرے پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنا ارادہ تبدیل کرلیا۔ایلس ٹریل فورڈ کا کہنا تھا کہ انہیں فوری طور پر احساس ہوا کہ جزیرے پر بچے کی پیدائش ان کے لیے ایک خاص، جادوئی اور محبت و تعاون سے بھرپور تجربہ ثابت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ان کا خاندان 1727 سے اس جزیرے سے وابستہ ہے اور وہ بچپن سے ہر سال یہاں آتی رہی ہیں۔ ان کے بقول جزیرے کے ساتھ ان کا گہرا جذباتی تعلق ہے اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اس سرزمین نے ان کی پرورش میں بھی کردار ادا کیا ہے۔ایلس نے اپنے آباؤ اجداد کے تعمیر کردہ ہالینڈ ہاؤس میں بچے کو جنم دیا۔


اسکاٹش حکومت کے 2024 کے اعدادوشمار کے مطابق جزیرے کی آبادی 72 افراد تھی، تاہم ایلس ٹریل فورڈ کے مطابق اب وہاں 51 افراد رہائش پذیر ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش پر جزیرے کے تمام رہائشی بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے خوشی کے اس موقع پر لوگوں میں وہسکی کی چھوٹی بوتلیں بھی تقسیم کیں، جنہیں چار پتوں والی شبدر اور مقامی طور پر گروٹی بکیز کہلانے والے چھوٹے خولوں سے سجایا گیا تھا۔ مقامی روایات کے مطابق انہیں خوش بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ایلس ٹریل فورڈ کے مطابق جزیرے پر طویل عرصے تک کسی بچے کی پیدائش نہ ہونے کی ایک ممکنہ وجہ طبی سہولیات کی کمی ہے۔ وہاں نہ کوئی ڈاکٹر موجود ہے اور نہ ہی اسپتال، صرف ایک رہائشی نرس خدمات انجام دیتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زچگی کے دوران کسی ممکنہ پیچیدگی کے خدشے کے باعث خواتین اسپتال میں بچے کو جنم دینا زیادہ محفوظ سمجھتی ہیں، جہاں ہنگامی صورت حال میں ضروری طبی امداد دستیاب ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کشتی کے ذریعے آرکنی کے مرکزی علاقے تک پہنچنے میں تقریباً دو گھنٹے 40 منٹ لگتے ہیں۔ ہنگامی صورت حال میں کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر مدد کے لیے پہنچ سکتا ہے، جبکہ طبیعت اجازت دینے کی صورت میں مریض کو مرکزی علاقے کرک وال منتقل ہونا پڑتا ہے۔


جزیرے پر 34 سال بعد بچے کی پیدائش کو مقامی آبادی کے لیے ایک یادگار واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں محدود آبادی اور طبی سہولیات کی کمی کے باوجود اس خوشی کے موقع پر رہائشیوں نے خاندان کے ساتھ بھرپور مسرت کا اظہار کیا۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL