وزیراعلیٰ پنجاب کا آٹے اور گندم کی سمگلنگ روکنے کے لیے کڑی نگرانی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، گندم کی کاشت، آٹے کی فراہمی اور رمضان المبارک کے لیے پھلوں کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند کرکے مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کا بیگ فروخت کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹے اور گندم کی سمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے فیصلہ کیا کہ نمبردار، گھوڑی پال سکیم اور اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم کاشت کی جائے گی۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران کیلا، سیب اور کھجور کنٹرول نرخوں پر دستیاب بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔ ہر ڈپٹی کمشنر اپنے علاقے میں ان پھلوں کی طلب کے مطابق کولڈ سٹوریج میں ذخیرہ کرنے کا انتظام یقینی بنائے گا۔
اجلاس میں سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ قیمتوں کی مسلسل نگرانی اور نرخوں کے استحکام کے لیے پرائس ایپ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ”ٹرانسفارمنگ مارکیٹ ویسٹ ان ٹو ویلتھ“ منصوبہ متعارف کرانے اور پامرا کے تحت آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈی ہائیڈریشن پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔





