چین کے علاقے تبت میں 7 شدت کا زلزلہ، 16 افراد ہلاک، 65 زخمی

چین کے جنوب مغربی علاقے تبت میں 7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 65 زخمی ہوگئے، جبکہ سیکڑوں مکانات منہدم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی رات آنے والے شدید زلزلے سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ زلزلے کے بعد حکام نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں تعینات کردیں۔رپورٹس کے مطابق چٹانیں گرنے کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں، جس سے امدادی ٹیموں کو بلند پہاڑی علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق زلزلے کے بعد 12 ہزار 400 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے مرکز کے قریب 7 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن میں سب سے شدید جھٹکے کی شدت 5.2 تھی۔ یہ جھٹکا 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
وزیراعظم پاکستان کا چین میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس، ہر ممکن تعاون کی پیشکش
وزیراعظم پاکستان نے چین کے خودمختار علاقے تبت کے شہر ناگچو میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حکومت اور عوام پاکستان کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام، بالخصوص اپنے پیاروں کو کھونے والے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔





