جمعہ، 23 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، خاتون دہشتگرد سمیت 10 دہشتگرد ہلاک

مصنف:

گوادر: سکیورٹی فورسز نے گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی کارروائیاں ناکام بناتے ہوئے خاتون دہشتگرد سمیت 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشتگرد حملوں کے دوران ایک شہری شہید ہوگیا۔


سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے عمومی علاقوں میں دہشتگردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔ دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو نقصان پہنچانا اور ان لوگوں کو نشانہ بنانا تھا جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں۔شہریوں کے تحفظ اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز شروع کیے۔ مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بناتے ہوئے ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور اپنا گمراہ کن ایجنڈا مسلط کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔


فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون دہشتگرد سمیت 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دہشتگرد حملوں کے دوران ایک شہری نے جامِ شہادت نوش کیا اور چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ آپریشنز سکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان کے بغیر مکمل کرلیے گئے، جس کے بعد علاقے میں امن و امان بحال اور ریاستی رٹ قائم کردی گئی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچ خاتون کو دہشتگرد حملے میں استعمال کرنا ریاست کے خلاف جرم ہونے کے ساتھ بلوچ خواتین کی حرمت کے بھی منافی ہے۔ دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کو اپنے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرکے عوامی جذبات بھڑکانے اور اپنی کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ایسے ہتھکنڈے بلوچ اور اسلامی روایات کے خلاف ہیں، جن میں خواتین کو انتہائی عزت و احترام حاصل ہے۔ بلوچستان کے عوام ہمیشہ ان عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں جو ان کے نام پر خون بہاتے ہیں اور وہ اس دھوکے کو بھی پہچان لیں گے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔