اٹلی میں امریکی سیاح خاتون تصویر بنواتے ہوئے پہاڑ سے گر کر ہلاک

اٹلی: شمالی اٹلی کے مشہور پہاڑی سلسلے ڈولومائٹس میں تصویر بنواتے ہوئے امریکی سیاح خاتون پہاڑ سے گر کر ہلاک ہوگئی۔
خاتون محفوظ راستے سے ہٹ کر خوبصورت منظر کی تصویر لینے کے لیے آگے بڑھی تھی کہ پاؤں پھسلنے کے باعث تقریباً 980 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق 36 سالہ مشیل الیخاندرا روبیو لیوا کا تعلق امریکی ریاست فلوریڈا سے تھا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حادثہ گزشتہ ہفتے ہفتے کے روز پیش آیا، جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کیناتسے کے قریب فورسیلا پورڈوئی کے مقام پر موجود تھی۔رپورٹس کے مطابق مشیل اپنے خاندان کے ساتھ پہاڑی علاقے کی سیر کر رہی تھی۔ یہ گروپ کیبل کار اسٹیشن کی جانب جا رہا تھا، جہاں سے مشہور پینورامک ریسٹورنٹ تک پہنچنا تھا۔ اسی دوران خاتون نے ایک خوبصورت منظر کی تصویر لینے کے لیے نشان زدہ راستہ چھوڑا، تاہم پہاڑ کے ایک خطرناک حصے پر اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ نیچے جا گری۔
حادثے کے بعد خاتون کی بہن نے فوری طور پر امدادی اداروں کو اطلاع دی، جس پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، تاہم مشیل کو بچایا نہ جا سکا۔ اسے ہفتے کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے جائے حادثہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق یہ پہاڑی علاقہ سطح سمندر سے تقریباً 9 ہزار فٹ بلندی پر واقع ہے۔ یہاں کیبل کار کے ذریعے پہنچنا نسبتاً آسان ہے، تاہم پیدل سفر کے دوران کھڑی چٹانوں اور ڈھیلے پتھروں کے باعث پھسلنے کا خطرہ رہتا ہے۔حادثے کے بعد مشیل کے اہل خانہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیناتسے منتقل کیا گیا، جبکہ امدادی کارروائی مکمل ہونے کے بعد خاتون کی لاش بھی وہاں پہنچا دی گئی۔رپورٹ کے مطابق مشیل کی پیدائش گوئٹے مالا میں ہوئی تھی اور اس نے بریگھم ینگ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ حالیہ عرصے میں میامی کی ایک کمپنی میں کام کر رہی تھی اور مختلف رضاکارانہ سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتی رہی تھی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مشیل نے 2025 میں مشاورتی شعبے میں بطور ڈیجیٹل نومیڈ کام کرنے کے لیے روم کا رخ کیا تھا، تاہم حادثے کے وقت وہ اٹلی میں مقیم تھی یا نہیں، اس بارے میں فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
مزید پڑھیں


ٹرانس جینڈر مرد اور اہلیہ پہلے بچے کی آمد کے منتظر


سحر کامران کا بیگم نصرت بھٹو کو خراجِ عقیدت
