کم عمر لڑکی کو دورانِ پرواز ہراساں کرنے کے الزام میں شہری مجرم قرار

بوسٹن: امریکی شہر بوسٹن سے تعلق رکھنے والے 48 سالہ شہری جوناتھن ایلن لیفمین کو جیٹ بلیو ایئرلائن کی پرواز میں 17 سالہ لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے جرم میں مجرم قرار دے دیا گیا۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق جوناتھن لیفمین اگست 2024 میں پورٹو ریکو سے بوسٹن جانے والی پرواز میں اپنی اہلیہ اور چار بچوں کے ہمراہ سفر کر رہا تھا۔ استغاثہ کے مطابق اس نے اپنے سامنے والی نشست پر بیٹھی 17 سالہ لڑکی کی رضامندی کے بغیر نشست کے درمیان سے ہاتھ گزار کر اسے نامناسب طور پر چھوا۔
حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی نے سامنے نصب اسکرین میں عکس کے ذریعے مشتبہ شخص کی حرکت کو دیکھا اور اپنی نشست کے پچھلے حصے اور نچلے حصے کے درمیان سے باہر نکلتی انگلیوں کی تصویر بھی لے لی۔امریکی اٹارنی لیہ بی فولی کے دفتر کے مطابق تین روزہ عدالتی کارروائی کے بعد جیوری نے جوناتھن لیفمین کو طیارے میں جنسی طور پر نامناسب چھونے کے ایک الزام میں مجرم قرار دیا۔ وہ ریاست میساچوسٹس کے شہر نیوٹن کا رہائشی ہے۔
امریکی اٹارنی لیہ بی فولی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزم نے ایک کم عمر لڑکی کو اس وقت بار بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا جب وہ محض تجارتی پرواز میں محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو فضا میں یا زمین پر جنسی حملے کے خوف میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔ عدالتی فیصلے کے ذریعے ملزم کو اس کے عمل کا جواب دہ ٹھہرایا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جوناتھن لیفمین کو 12 جنوری 2027 کو سزا سنائی جائے گی۔
مزید پڑھیں



ٹرانس جینڈر مرد اور اہلیہ پہلے بچے کی آمد کے منتظر

سحر کامران کا بیگم نصرت بھٹو کو خراجِ عقیدت
