جمعرات، 22 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برطانیہ: کیئر اسٹارمر کو گرومنگ گینگز انکوائری میں بطور گواہ طلب کیے جانے کا امکان

icser7f8_keir-starmer-afp_625x300_05_October_23
مصنف:

لندن: برطانیہ کے سابق وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کو بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث گروہوں (گرومنگ گینگز) سے متعلق عوامی تحقیقات میں بطور گواہ طلب کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ انکوائری کی سماعتیں دسمبر میں شروع ہوں گی۔


برطانوی میڈیا کے مطابق سر کیئر اسٹارمر کو اس عوامی انکوائری میں بنیادی فریق (کور پارٹیسپنٹ) کا درجہ دیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں تحقیقات میں مخصوص حقوق حاصل ہوں گے۔ تاہم، یہ ابھی واضح نہیں کہ انہیں لازمی طور پر گواہی دینے کے لیے طلب کیا جائے گا یا نہیں۔انکوائری کے ابتدائی مرحلے میں لندن، بریڈفورڈ، اولڈہم اور کیگھلے سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں اور قصبوں میں بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات اور متعلقہ حکام کے ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ برمنگھم اور ویلز میں سرگرم گروہوں کے معاملات بھی تحقیقات کا حصہ ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق سر کیئر اسٹارمر نے ابتدا میں انکوائری کے مطالبات مسترد کیے تھے، تاہم گزشتہ سال وزیراعظم کی حیثیت سے انہوں نے عوامی سماعتیں کرانے پر اتفاق کیا۔ اس معاملے سے نمٹنے میں شفافیت اور تحقیقات کے دائرہ کار پر حکومت کو شدید تنقید کا سامنا رہا تھا۔


انکوائری کا آغاز 2025 میں بیرونس لوئس کیسی کی رپورٹ کے بعد ہوا، جس میں نشاندہی کی گئی تھی کہ متعلقہ ادارے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے، جرائم کے اعدادوشمار درست طور پر مرتب کرنے اور منظم گروہوں کی جانب سے بچوں کے جنسی استحصال کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے۔بیرونس این لانگ فیلڈ اس 6 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ مالیت کی تین سالہ انکوائری کی سربراہی کر رہی ہیں۔ انہیں قانونی اختیارات حاصل ہیں جن کے تحت گواہوں کو بیان دینے اور متعلقہ اداروں کو دستاویزات فراہم کرنے کا پابند کیا جا سکتا ہے۔انکوائری کی سماعتوں کے پہلے مرحلے میں دسمبر اور جنوری کے دوران متاثرین کی شکایات پر مقامی اداروں کے ردعمل اور سابقہ تحقیقات کی سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مزید سماعتیں آئندہ سال مارچ اور اپریل میں متوقع ہیں۔تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے کسی بھی ممکنہ جرم کے شواہد کو آپریشن بیکن پورٹ کے حوالے کیا جائے گا، جو برطانیہ میں پہلے بند کی گئی سیکڑوں پولیس تحقیقات کا دوبارہ جائزہ لینے کے لیے شروع کیا گیا ہے