ٹرانس جینڈر مرد اور اہلیہ پہلے بچے کی آمد کے منتظر

برطانیہ میں مقیم ٹرانس جینڈر مرد ٹیلر ونٹرز اور ان کی اہلیہ چلو اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے منتظر ہیں۔ جوڑے نے آئی وی ایف (IVF) کے ذریعے خاندان شروع کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں ٹیلر کے جنس کی منتقلی کے عمل سے قبل محفوظ کیے گئے انڈوں اور چلو کے رحم کو استعمال کیا گیا۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق 42 سالہ ٹیلر ونٹرز رومانیہ کے علاقے ٹرانسلوانیا میں پیدا ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچپن ہی سے وہ خود کو لڑکا محسوس کرتے تھے۔ وہ 34 سال کی عمر میں ٹیسٹوسٹیرون ہارمون کا استعمال شروع کرنے کے بعد جنس کی منتقلی کے عمل سے گزرے۔ اس دوران انہوں نے سینے کی سرجری بھی کروائی، جبکہ نومبر 2023 میں ان کی ہسٹریکٹومی (بچہ دانی نکالنے کی سرجری) ہوئی۔ٹیلر نے جنس کی منتقلی کا عمل شروع کرنے سے پہلے اپنے انڈے محفوظ کروا لیے تھے، کیونکہ وہ مستقبل میں حیاتیاتی طور پر اپنے بچے کا والد بننا چاہتے تھے، تاہم وہ خود حمل ٹھہرنے کے خواہش مند نہیں تھے۔
ٹیلر اور ان کی 33 سالہ اہلیہ چلو نے فروری 2026 میں آئی وی ایف کے عمل کا آغاز کیا، جس پر 9 ہزار ڈالر سے زائد خرچ آیا۔ جوڑے نے 2022 میں منتخب کیے گئے ایک سپرم ڈونر کے عطیہ کردہ اسپرم استعمال کیے۔رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 میں آئی وی ایف کی پہلی کوشش کامیاب نہ ہو سکی، جس پر دونوں کو مایوسی ہوئی، تاہم انہوں نے جلد دوبارہ کوشش کرنے کا فیصلہ کیا۔ مئی 2026 میں دوسری کوشش کے دوران چلو حاملہ ہوگئیں۔ اب وہ 24 ہفتوں کی حاملہ ہیں اور جنوری 2027 میں بیٹی کی پیدائش متوقع ہے۔چلو کا کہنا ہے کہ پہلی کوشش ناکام ہونے کے بعد دونوں کو شدید مایوسی ہوئی، لیکن دوسری مرتبہ کامیابی کی خبر ان کے لیے انتہائی خوشی کا باعث بنی۔ ان کے مطابق ہر گزرتے ہفتے کے ساتھ بچے کی نشوونما دیکھنا، الٹراساؤنڈ میں اس کی دھڑکن سننا اور اس کی تصاویر دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔چلو نے کہا کہ وہ بچپن ہی سے اپنا خاندان شروع کرنے کی خواہش رکھتی تھیں اور ان کے لیے اپنے حیاتیاتی بچوں کا ہونا اہم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ٹیلر اپنے بچوں کو محبت اور قبولیت سے بھرپور ماحول فراہم کریں گے۔
جوڑے نے مستقبل میں دوسرے بچے کی پیدائش کا بھی ارادہ ظاہر کیا ہے، جس کے لیے چلو کے انڈے اور اسی سپرم ڈونر کو استعمال کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس طرح دونوں میاں بیوی اپنے اپنے انڈوں کے ذریعے بچوں کے ساتھ حیاتیاتی تعلق قائم کر سکیں گے۔ٹیلر ونٹرز کا کہنا ہے کہ وہ حمل کے دوران چلو کے ساتھ ہر طبی معائنے میں شریک رہے ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اپنی بیٹی کو پہلی مرتبہ گود میں اٹھانا ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہوگا۔




