روس کے شہر وورونژ پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، 3 افراد ہلاک، 39 زخمی

یوکرین کے روسی شہر وورونژ اور اس کے گردونواح پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملوں میں 3 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد صنعتی تنصیبات، رہائشی عمارتوں اور دیگر مقامات پر آگ لگ گئی۔
روسی حکام کے مطابق یوکرینی مسلح افواج نے 26 اکتوبر کی رات اور صبح کے دوران وورونژ ریجن کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، روسی فضائی دفاعی نظام نے مجموعی طور پر 113 یوکرینی ڈرونز تباہ کردیے، جن میں سے 70 سے زائد وورونژ شہر کی فضائی حدود میں مار گرائے گئے۔
وورونژ ریجن کے گورنر الیگزینڈر گوسیف نے بتایا کہ حملوں میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ علاقائی وزارت صحت کے مطابق 3 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
روسی حکام کے مطابق ڈرونز کا ملبہ ایک مسافر ٹرین پر بھی گرا، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی بڑی تعداد اسی ٹرین میں سوار تھی۔ حملوں کے دوران مختلف صنعتی تنصیبات، ایک کاروباری مرکز، رہائشی اپارٹمنٹ کی عمارت اور ایک اسکول کے اسٹیڈیم سمیت متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
علاقائی حکام نے ابتدائی طور پر 2 افراد کی ہلاکت اور ایک بچے سمیت 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں وزارت صحت نے ہلاکتوں کی تعداد 3 اور زخمیوں کی تعداد 39 ہونے کی تصدیق کردی۔
گورنر الیگزینڈر گوسیف نے علاقائی حکومت کے اجلاس کا آغاز حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ فضائی حملوں میں اپنے پیاروں کو کھونے والے تمام خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں۔
مزید پڑھیں





