Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور دفاعی ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال


راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے امریکی وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکہ میں قائم کمپنی پاورس کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ امریکی وفد کی قیادت رابرٹ بریٹ ویلیکویچ نے کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور کے علاوہ دفاعی ٹیکنالوجی میں تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں جانب سے دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس سے متعلق ممکنہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی ساز و سامان کی خریداری، تیاری اور استعدادِ کار میں اضافے کے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی اور ملکی استعداد و مضبوطی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تکنیکی جدت اور جدید حل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دفاعی اور قومی ضروریات کے تناظر میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کی اہمیت اجاگر کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔