فرد قائم ربطِ ملت سے ہے، تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں
پاکستان صرف لوگوں کا ایک ہجوم نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں، زبانوں، روایات اور تہذیبوں کا حسین امتزاج ہے۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے رنگ جب ایک پرچم تلے جمع ہوتے ہیں تو پاکستان کی خوبصورتی اور طاقت میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ سرزمین اُن سچے اور محبِ وطن پاکستانیوں کی ہے جو اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔ وطن سے محبت ایک فطری جذبہ ہے جو انسان کے دل میں بچپن سے پروان چڑھتا ہے۔ یہی جذبہ انسان کو اپنے ملک کی عزت، وقار اور سلامتی کے لیے قربانی دینے پر آمادہ کرتا ہے۔
ہر پاکستانی کے دل میں اپنے وطن کی محبت ضرور موجود ہے، مگر افسوس یہ ہے کہ اکثر لوگ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتتے ہیں۔ ہر فرد یہ سوچ کر خاموش ہو جاتا ہے کہ وہ اکیلا کیا بدل سکتا ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ قوموں کی تقدیر افراد کے کردار سے ہی سنورتی ہے۔ اگر ہر شخص اپنی ذمہ داری ایمانداری اور خلوص سے ادا کرے تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ ایک استاد اگر دیانت داری سے تعلیم دے، ایک ڈاکٹر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دے، ایک تاجر ایمانداری اختیار کرے اور ایک طالب علم محنت کو اپنا شعار بنا لے تو پورا معاشرہ مثبت تبدیلی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
پاکستان کی ترقی میں ہر شہری کا کردار نہایت اہم ہے۔ ایک قوم اس وقت ترقی کرتی ہے جب اس کے افراد اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض کو بھی سمجھیں۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں حقوق مانگنے کا رجحان تو بڑھ رہا ہے مگر فرائض ادا کرنے کا شعور کمزور پڑتا جا رہا ہے۔ ہم اپنے اردگرد صفائی کا خیال نہیں رکھتے، ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کرتے، وقت کی قدر نہیں کرتے اور اکثر چھوٹے چھوٹے اصولوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ یہی چھوٹی غلطیاں مل کر قومی مسائل کو جنم دیتی ہیں۔
آج ہمارے معاشرے میں سب سے بڑا مسئلہ بے حسی اور ذمہ داری سے فرار ہے۔ خصوصاً تعلیمی میدان میں نقل اور کاپی کلچر نے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ محنت سے دوری اور آسان راستے اختیار کرنے کی عادت نے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو کمزور کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوان مایوسی کا شکار ہو کر غلط راستوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، اگر وہی مایوس اور بے مقصد ہو جائیں تو قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ کوئی ہنر بھی سیکھیں تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔ موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا دور ہے۔ اگر ان ذرائع کو مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تو نہ صرف ذاتی ترقی ممکن ہے بلکہ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا کو نفرت، جھوٹ اور فضول سرگرمیوں کے بجائے علم، شعور اور مثبت پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ آج دنیا ڈیجیٹل ترقی کی طرف بڑھ رہی ہے، اس لیے ہمیں بھی جدید علوم اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ہوگی تاکہ ہم دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چل سکیں۔
اسی طرح زراعت، صنعت اور کاروبار کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہماری زمین زرخیز ہے اور ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں، ضرورت صرف محنت، ایمانداری اور درست سمت میں کام کرنے کی ہے۔ اگر کسان جدید طریقۂ کاشت اپنائیں، صنعتکار دیانت داری سے کام کریں اور نوجوان محنت کو اپنا شعار بنا لیں تو پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو سکتا ہے۔ جو قومیں محنت اور تحقیق کو اپنا شعار بناتی ہیں وہی دنیا میں عزت اور ترقی حاصل کرتی ہیں۔
ایک اور اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی زبان، ثقافت اور قومی شناخت کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے۔ انگریزی زبان سیکھنا یقیناً اچھی بات ہے، مگر اسے ذہانت اور برتری کی علامت سمجھنا غلط ہے۔ ترقی اپنی زبان، اپنی تہذیب اور اپنی شناخت کے ساتھ جڑی ہوتی ہے۔ ہمیں اردو اور اپنی علاقائی زبانوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ہماری نئی نسل اپنی تہذیبی جڑوں سے جڑی رہے۔ جو قومیں اپنی زبان اور ثقافت کو بھول جاتی ہیں وہ اپنی شناخت بھی کھو بیٹھتی ہیں۔
حب الوطنی صرف نعرے لگانے یا قومی دن منانے کا نام نہیں بلکہ اپنے وطن سے سچی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم قانون کی پابندی کریں، صفائی کا خیال رکھیں، ایمانداری سے کام کریں، دوسروں کے حقوق کا احترام کریں اور اپنے ملک کو نقصان پہنچانے والی ہر برائی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ وطن سے محبت کا عملی ثبوت یہ ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں، درخت لگائیں، پانی اور بجلی کا ضیاع نہ کریں اور ہر اس عمل سے بچیں جو ملک کے نقصان کا سبب بنے۔
ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ صرف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا کافی نہیں، بلکہ ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ قومیں صرف حکمرانوں سے نہیں بلکہ عوام کے شعور، کردار اور محنت سے ترقی کرتی ہیں۔ اگر ہر فرد اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کرے تو پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہو سکتا ہے۔
پاکستان ہمارا گھر ہے اور گھر کی حفاظت، عزت اور ترقی ہر فرد کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ جب تک ہم ذاتی مفادات سے نکل کر اجتماعی مفاد کو ترجیح نہیں دیں گے تب تک ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اتحاد، محنت، دیانت داری اور حب الوطنی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان دے سکیں۔
دل سے نکلے گی نہ مر کر بھی وطن کی الفت
میری مٹی سے بھی خوشبوئے وفا آئے گی
مزید پڑھیں




