Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دنیا کا سب سے لمبا گھوڑا، برطانیہ کے ’ہیوگو‘ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا


برطانیہ میں غیر معمولی جسامت کے حامل شائر نسل کے گھوڑے ’ہیوگو‘ نے دنیا کے سب سے لمبے زندہ گھوڑے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جس کا قد تقریباً 6 فٹ 6 انچ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق برطانیہ کے ٹاؤسیسٹر میں رہنے والے ہیوگو کا قد کھروں سے گردن کے نچلے حصے تک 199 سینٹی میٹر، یعنی 19.2 ہینڈز ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اس کا وزن تقریباً 890 کلوگرام ہے۔ اپنی غیر معمولی جسامت کے باعث ہیوگو مقامی سطح پر پہلے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا اور تقریبات کے دوران لوگ اسے دیکھ کر رک جاتے اور اس کی ویڈیوز بناتے تھے۔ ہیوگو کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی جسمانی نشوونما ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ اس کے مالکان بریٹ اور لیزا ماسٹرز کا کہنا ہے کہ ہیوگو 7 سے 8 سال کی عمر تک مزید بڑھ سکتا ہے، جس کے باعث مستقبل میں اس کا قد موجودہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ مالکان کے مطابق حیران کن حد تک بڑی جسامت رکھنے کے باوجود ہیوگو انتہائی نرم مزاج اور دوستانہ طبیعت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا رویہ ایک بڑے پالتو کتے جیسا ہے، جس کی وجہ سے لوگ اس سے جلد مانوس ہوجاتے ہیں۔ شائر نسل کے گھوڑے اپنی غیر معمولی جسامت، طاقت اور مضبوط جسمانی ساخت کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ماضی میں ان گھوڑوں کو کھیتی باڑی، بھاری سامان کھینچنے اور نقل و حمل جیسے مشکل کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، تاہم جدید دور میں یہ زیادہ تر اپنی جسامت اور تاریخی اہمیت کے باعث لوگوں کی توجہ حاصل کرتے ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ہیوگو دنیا کی تاریخ کا سب سے لمبا گھوڑا نہیں ہے۔ تاریخ میں سب سے زیادہ قد والے گھوڑے کا اعزاز ’سیمپسن‘ نامی شائر گھوڑے کے پاس ہے، جس کا قد 1850 میں 2.19 میٹر، یعنی تقریباً 7 فٹ 2.5 انچ ریکارڈ کیا گیا تھا۔