پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

زندہ رہا تو بے گناہی ثابت کروں گا، عمران خان کا چیف جسٹس کو خط

مصنف:

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا۔


عمران خان کا خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس صاحبان تک پہنچایا گیا، جس میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔عمران خان نے خط میں اپیل کی کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ زندہ رہے تو اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔

میری اہلیہ کے ساتھ ہفتہ وار ملاقات، جو میرے لیے انسانی رابطے کا واحد ذریعہ ہے، جیل حکام ہر دوسرے ہفتے بغیر کسی وجہ یا وضاحت کے منسوخ کر دیتے ہیں۔ میری معلومات کے مطابق میری تین بہنیں بھی اب زیرِ حراست ہیں اور مجھے ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔میرے بیٹوں، قاسم اور سلیمان، کو بھی مجھے فون کرنے کی اجازت نہیں، جو معزز عدالتوں کے واضح احکامات کی خلاف ورزی ہے۔جیل میں کسی کو بھی اجازت نہیں کہ وہ میری بات کا جواب دے یا مجھ سے گفتگو کرے، حتیٰ کہ جب میں انہیں سلام کرتا ہوں یا قرآنِ پاک کی کوئی آیت پڑھ کر سناتا ہوں، تب بھی کوئی جواب نہیں دیتا۔ اس کا مقصد صرف ایک ہی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ مجھے مکمل طور پر تنہا کر دیا جائے اور میری قوتِ ارادی توڑ دی جائے۔تاہم، مجھے اپنی حالت سے زیادہ اپنی اہلیہ کی صورتحال پریشان کرتی ہے۔ اپریل 2026 میں ان کی آنکھ کا پردہ (ریٹینا) اپنی جگہ سے الگ ہوگیا تھا۔ ان کی آنکھ کا پیچیدہ آپریشن انتہائی رازداری میں کیا گیا اور اس کے فوراً بعد انہیں دوبارہ تنہائی کی قید میں بھیج دیا گیا۔جب میں اس ماہ ان سے ملا تو وہ نہ تو روشنی برداشت کر پا رہی تھیں اور نہ ہی اپنی آنکھیں کھول سکتی تھیں۔ مزید آپریشن نہ ہونے کی صورت میں وہ مستقل طور پر اپنی بینائی سے محروم ہو سکتی ہیں۔ان کے میڈیکل ریکارڈ تک رسائی نہیں دی جا رہی، ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ان کی سزا کی معطلی کی درخواست بھی ابھی تک نہیں سنی گئی، حالانکہ قانون میں خواتین قیدیوں کے ساتھ ہمدردی اور رعایت برتنے کی ہدایت موجود ہے۔18 اگست 2026 کو معزز سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جیل کی اپنی رپورٹ کی بنیاد پر حکم جاری کیا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میری صحت خراب ہو چکی ہے اور ڈاکٹروں نے مجھے طبی پیچیدگیوں کے خطرے سے دوچار قرار دیا ہے۔


عدالت نے حکم دیا تھا کہ مجھے دو دن کے اندر شفاہ انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، ماہرِ امراضِ قلب اور ماہرِ امراضِ چشم سمیت میڈیکل بورڈ میرا معائنہ کرے، مجھے ہر ہفتے اپنے خاندان سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔تاہم ان احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ میرا مقدمہ اب وفاقی آئینی عدالت میں سماعت کا منتظر ہے۔اسی دوران مجھے معلوم ہوا ہے کہ میری القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے، جبکہ میری صحت، میری اہلیہ کی بینائی اور معزز عدالت کے احکامات پر عمل درآمد کے معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔یہ بات میرے لیے انتہائی دکھ کا باعث ہے کہ القادر اپیل کی سماعت کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ میری زندگی، میرے حقوق اور میری صحت کو مسلسل انتظار میں رکھا گیا ہے۔مجھے یہ خط لکھنے پر میری اہلیہ کی گرتی ہوئی بینائی اور معزز سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے نے مجبور کیا ہے۔تنہائی کی قید کے دوران میرا بلڈ پریشر بے قابو ہو چکا ہے۔ یہ پہلے 130، پھر 150، اس کے بعد 170 تک پہنچا اور گزشتہ ہفتے 10 نومبر 2026 کو 192 اور 193 ریکارڈ کیا گیا۔اب ڈاکٹر مجھے بتا رہے ہیں کہ مجھے دماغی شریان پھٹنے (Brain Haemorrhage) اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ ہے اور میرا دل پہلے ہی نقصان سے دوچار ہو چکا ہے۔چوہتر سال کی عمر میں میری یہ مسلسل بگڑتی ہوئی صحت مجھے ایسی جگہ لے جا رہی ہے جہاں سے شاید میں کبھی واپس نہ آ سکوں۔میں نے بے شمار مقدمات میں ناممکن نظر آنے والی قانونی جنگیں لڑی ہیں اور کبھی ہمت نہیں ہاری۔ لیکن اب نظام نے مجھے انصاف دینا بند کر دیا ہے۔جیل مینوئل، جیل قوانین اور آئین کے بنیادی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے، حتیٰ کہ معزز عدالتوں کے احکامات پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔میں نے اپنی زندگی میں ہسپتال اس مقصد کے لیے بنائے کہ وہ لوگ جو علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، انہیں مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔آج میری صرف اتنی درخواست ہے کہ میرا اور میری اہلیہ کا علاج کیا جائے۔میں آپ کے معزز جج صاحبان سے کسی خصوصی رعایت یا احسان کی درخواست نہیں کر رہا۔ میری واحد درخواست انصاف کے تقاضوں کے مطابق معزز سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور ہماری طبی حالت کے مطابق مناسب علاج کی فراہمی ہے۔میں صرف اسی صورت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے قابل رہ سکوں گا جب زندہ رہوں گا۔میں انتہائی بنیادی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آپ کے سامنے اپیل کرتا ہوں مجھے اس سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے کہ بہت دیر ہو جائے۔