پی ٹی وی سرکاری ادارہ، اپوزیشن کی لڑائی مارکٹائی کے لیے نہیں‌، حکومتی موقف ہی پیش ہو گا،نعیم بخاری

0
41

اسلام آباد:پی ٹی وی سرکاری ادارہ،اپوزیشن کی لڑائی مارکٹائی کے لیے نہیں‌،حکومتی موقف ہی پیش ہو گا،اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری نے اپوزیشن کو پی ٹی وی پر وقت دینے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی وژن نعیم بخاری نے کہا کہ پی ٹی وی پر حکومت اور اپوزیشن کو برابر وقت نہیں ملے گا۔ یہ پی ٹی وی ہے کوئی دوسرا ٹی وی چینل نہیں ہے۔ یہ سرکاری چینل ہے جو کہ صرف حکومت کی نمائندگی کرے گا۔

ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا صرف حکومت کو وقت ملے گا؟ جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ جی بالکل! صرف حکومت کو ۔ واضح رہے کہ نعیم بخاری کو گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی وی تعینات کیا گیا تھا ۔

نعیم بخاری کو 3 سال کے لیے چیئرمین پی ٹی وی تعینات کیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نعیم بخاری اس دوران پاکستان ٹیلی ویژن کے بورڈ ممبر ہوں گے جو کہ پی ٹی وی بورڈ کے خودمختار ڈائریکٹر بھی ہوں گے ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما نعیم بخاری سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ہیں جنہوں نے شریف خاندان کے خلاف پانامہ پیپرز کیس سمیت متعدد مقدمات لڑے تھے ، سینئیر قانون دان نعیم بخاری پانامہ کیس میں نوازشریف کے خلاف وکالت کرچکے ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے کیسز میں ان کے وکیل رہ چکے ہیں۔

Leave a reply