لانگ مارچز کرنے والی حکمران جماعتیں قوم کو اپنی کارکردگی کیوں نہیں بتاتیں؟ سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں پر مشتمل ان حکمران جماعتوں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، یہ لوگ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر اپنی مرضی کا چاہتے ہیں تاکہ ان کی مدد سے اقتدار میں آئیں۔ غیرت مند قوم پر توشہ خانہ اور خزانے لوٹنے والے لوگوں کو مسلط کیا۔ قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، لوگوں کو آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے چننے دیے جائیں، سیاست دانوں کا محاسبہ عوام خود کرلیں گے،اسٹیبلشمنٹ نے جن لوگوں کو قوم پر مسلط کیا، ان سے یکدم سپورٹ چھین لیں گے تو وہ احتجاج بھی کریں گے اور مجھے کیوں نکالا کا بیانیہ بھی اپنائیں گے جماعت اسلامی آنے والے انتخابات میں پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی،پی ٹی آئی اور ان کے سہولت کاروں کا مقابلہ کرے گی۔ ہم نے سٹیٹس کو کو بدلنا ہے اس کے لیے نوجوانوں کو آگے لا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی سے وابستہ نوجوان یونین کونسل کی سطح پر خدمت کمیٹیاں بنائیں، قوم کو بتائیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ”پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں امیر جماعت اسلامی جلسہ گاہ پہنچے تو ”ویلکم سراج الحق“ ترانے اور فلک شگاف نعروں سے ان کا استقبال ہوا۔ ملک بھر سے آئے ہوئے ہزاروں نوجوانوں جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی نے اسلامی نظام کے حق میں اور ”سراج الحق قدم بڑھاؤ ہم تمھارے ساتھ ہیں“ کے نعرے لگائے۔ یوتھ لیڈر کنونشن کی پروسیڈنگز کا آغاز ظہر کی نماز کے فوراً بعد ہوا جو سراج الحق کی 45منٹ لمبی تقریر پر تقریباً ساڑھے دس بجے کے قریب اختتام کو پہنچا۔ کنونشن کے لیے 120فٹ لمبا، 40فٹ بلند اور 30فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا تھا۔ سٹیج پر موجود اہم شرکا اور مقررین میں نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، پروفیسر ابراہیم، میاں محمد اسلم، راشد نسیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ایم این اے مولانا عبدالکبر چترالی، ایم پی اے کے پی اسمبلی عنایت اللہ خان، محمد حسین محنتی، جاوید قصوری، ڈاکٹر طارق سلیم، راؤ ظفر، عبدالحق ہاشمی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ مولانا شمشیر شاہد، ذکر اللہ مجاہد، ضیا الدین انصاری، آصف لقمان قاضی اور دیگر قائدین شامل تھے۔ کنونشن میں فیملیز اور بچوں کی بڑی تعدادنے بھی شرکت کی۔ شرکا نے قومی اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے، مختلف بینرز پر اسلامی نظام کے حق میں نعرے درج تھے۔ امیر جماعت نے انٹرنیشنل سیشن میں ترکی، ملائشیا اور برطانیہ سے آئی ہوئی نوجوان قیادت میں تحائف تقسیم کیے۔ شائننگ سٹارز سیشن میں امیر العظیم اور دیگر قیادت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے نوجوانوں کوانعامات دیے۔

سراج الحق نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی لانگ مارچ کر رہی ہے اور حکومت میں بھی ہے، دوسری جانب پی ڈی ایم لانگ مارچز کرنے کے بعد اقتدار میں بیٹھی ہے۔ لانگ مارچز کرنے والی حکمران جماعتیں قوم کو اپنی کارکردگی کیوں نہیں بتاتیں؟ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کے لیے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا مگر لنگرخانے اور مسافرخانے بنائے۔ یہ لوگ جب اقتدارمیں آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ وہ اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں، اقتدار سے فارغ ہونے کے بعد شکایتیں کرتے ہیں کہ حکومت ان کی تھی مگر اختیار کسی اور کا تھا۔ تمام پاکستانی جانتے ہیں کہ یہ سبھی حکمران جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کے گملوں کی پیداوار ہیں۔یہ وہ حکمران ہیں جو بظاہر آپس میں لڑ رہے ہیں مگر مغربی ایجنڈے پر متفق ہیں۔ یہ لوگ امریکی صدر سے ہاتھ ملانا اپنے لیے سب سے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں مگر بے جرأت اتنے کہ ان سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کر سکتے۔ اگر کوئی مجھ سے پوچھتا ہے کہ آپ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کس کے ساتھ ہیں تو میں جواباً عرض کرتا ہوں کہ ان دونوں اطراف میں فرق واضح کر دیا جائے۔ کیا یہ دونوں اطراف وہ نہیں ہیں جو سودی قرضوں پر متفق ہیں، جن کے نام پاناما لیکس اورپنڈوراپیپرز کی زینت بنے۔ انھوں نے مل کر کشمیر کو بھارت کے حوالے کیا، ایک نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کیا اور دوسرے نے ابھی نندن کو باعزت بھارت کے حوالے کیا۔ ان کی ناک تلے ماڈل ٹاؤن میں لوگ شہید ہوئے، ساہیوال میں ایک بچے کے سامنے اس کے ماں باپ اور بھائیوں کو قتل کیا گیا، انہی کے ہوتے ہوئے نقیب اللہ محسود جان سے گئے، ارشد شریف کو کینیا میں گولیاں مار دی گئیں، کہاں ہے انصاف؟ ملک کی عدالتیں طاقتور کے لیے رات کے 12بجے کھل جاتی ہیں جب کہ غریب کو دن کے 12بھی انصاف نہیں ملتا۔ مافیاز پر مشتمل یہ حکمران ایک ہی فرسودہ نظام کے سہولت کار ہیں۔ جماعت اسلامی ان کے ساتھ نہیں بلکہ ان کا مقابلہ کرے گی۔

سراج الحق نے نوجوانوں کو مخاطب ہو کر کہا کہ آج انھوں نے اس جگہ جہاں قائداعظمؒ نے 1940ء میں جدوجہد کا آغاز کر کے سات سالوں میں پاکستان بنایا پر ملک کی یوتھ کو تعمیر پاکستان کی جدوجہد کے آغازکے لیے اکٹھا کیا ہے۔ یہاں سے تھوڑ ی مسافت پر سید علی ہجویریؒ، ڈاکٹر علامہ اقبالؒ اور مولانا مودودیؒ کے مزارات ہیں جنھوں نے اپنی تمام زندگی انسانیت کو اللہ کے پیغام سے روشناس کرانے کے لیے بسر کی۔ مینار پاکستان گراؤنڈ سے میں پاکستان قوم اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہماری دنیاوی اور اخروی کامیابی اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت میں ہے۔ دین پر عمل پیرا ہو کر ہی عربوں، ترکوں اور افغانوں کو عزت ملی۔ کیا وجہ ہے کہ آج وسائل سے مالا مال ملک میں 22کروڑ عوام غربت، بے روزگاری اور جہالت کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ہماری تقدیر میں امریکا، ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی غلامی کیوں لکھی گئی ہے؟ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمام حالات کے باوجود ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، لیکن نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ وہ ایٹم بم سے بھی بڑی طاقت ہیں۔ دشمن نے ہمیں رنگ اور نسل کی بنیادوں پر تقسیم کیا۔ مفاد پرستوں کے ٹولے نے نوجوانوں کو استعمال کیا اور ملک کی تقدیر سے کھیلا۔ حکمرانوں کی وجہ سے آج ملک میں غربت ہے، کروڑوں پاکستانی صاف پینے کے پانی تک سے محروم ہیں۔ ہر پانچواں پاکستانی ڈپریشن کا شکارہے۔ 75برسوں سے ملک میں لوٹ مار جاری ہے۔ ہمارے ایوانوں اور دفاتر میں کرپٹ عناصر بیٹھے ہیں یہ وہی لوگ ہیں جنھوں نے قوم کے نظریے اور جغرافیے کو نقصان پہنچایا، ان کی وجہ سے ملک کا پاسپورٹ پوری دنیا میں بے توقیر ہو گیا۔

پولیس کی زیادتی، خواجہ سراؤں نے ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی

پلاسٹک بیگ پر پابندی لگی تو خواجہ سراؤں نے ایسا کام کیا کہ شہری داد دینے پر مجبور

کرونا لاک ڈاؤن، شادی کی خواہش رہی ادھوری، پولیس نے دولہا کو جیل پہنچا دیا

کیا فائدہ قانون کا، مفتی کو نامرد کیا گیا نہ عثمان مرزا کو،ٹویٹر پر صارفین کی رائے

لڑکی کو برہنہ کرنے کی ویڈیو، وزیراعظم عمران خان کا نوٹس، بڑا حکم دے دیا

عثمان مرزا کی جانب سے لڑکی اور لڑکے پر تشدد کے بعد نوجوان جوڑے نے ایسا کام کیا کہ پولیس بھی دیکھتی رہ گئی

نوجوان جوڑے پر تشدد کیس، پانچویں ملزم کو کس بنیاد پر گرفتار کیا؟ عدالت کا تفتیشی سے سوال

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا واحد مرکز ہیں وہ جماعت اسلامی کا پیغام نچلی سطح تک پہنچائیں۔ نوجوانوں کو اپنا سربلند کر کے فرسودہ نظام کے خلاف بات کرنا ہو گی۔ جماعت اسلامی سے وابستہ نوجوان لوگوں کو بتائیں کہ ہم میں سے کسی کا پاناما لیکس یا پنڈوراپیپرزمیں نہیں، ہم نیب زدہ ہیں نہ ہم نے قرضے معاف کرائے۔ جماعت اسلامی کو جب موقع ملا وہ سیلاب،زلزلہ ہو یا کرونا وائرس کی وبا، ہم نے قوم کی خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا تو ہم لوگوں کو انصاف دیں گے اور ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کریں گے۔ سرکاری زمینوں کو نوجوانوں میں تقسیم اور انھیں بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ سودی نظام کا خاتمہ کر یں گے، کشمیر کو انڈیا سے آزاد کرائیں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے۔ قوم حقیقی آزادی کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کی ہم قدم بنے۔

Comments are closed.