” روڑ سیفٹی میں سکھ اور عیسائی برادری کا کردار ” کے عنوان سے موٹروے پولیس کا سیمینار

0
46

” روڑ سیفٹی میں سکھ اور عیسائی برادری کا کردار ” کے عنوان سے موٹروے پولیس کا سیمینار

باغی ٹی وی : پاکستان میں رہنے والا ہر شخص کسی بھی مذہبی جماعت کا نمائندہ ہونے سے پہلے پاکستان کا شہری ہے اور اس کی جان و مال ریاست پاکستان کے لئے مقدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے ” روڑ سیفٹی میں سکھ اور عیسائی برادری کا کردار ” کے عنوان سے موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں منعقدہ سیمینار میں کیا۔ روڑ سیفٹی سیمینار میں کرسچن کمیونٹی کی جانب سے بشپ آف لاہور سبیسٹین فرانسس شوہ اور دیگر عیسائی رہنما ؤں، سکھ کمیونٹی کی جانب سے چیئرمین پنجاب سکھ سنگت سردار گوپال سنگھ چاولہ اور دیگر سکھ مذہبی رہنماؤں اور موٹروے پولیس کے افسران نے کشیر تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ عوام الناس میں روڑ سیفٹی اور ٹریفک قوانین بارے آگاہی پیدا کر کے بہت ساری قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے اورپاکستان کے ہر شہری میں اس بارے آگاہی پیدا کرنے کے لئے موٹروے پولیس اپنے تما م وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

ڈی آئی جی محبوب اسلم نے بتایاکہ اگر حادثات کی موجودہ شرح برقرار رہی تو 2030 تک پاکستان میں یہ موت کی تیسری بڑی وجہ بن جائے گی۔اس لئے بہت ضروری ہے کہ پاکستان کا ہر شہری روڑ سیفٹی قوانین بارے آگاہی پیدا کرنے اور ان کی پابندی کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے بشپ آف لاہور ر سبیسٹین فرانسس شوہ نے کہا کہ وہ سب سے پہلے پاکستانی شہری ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی ان کی خواہش ہے انہوں نے مزید کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ملک پاکستان میں موٹروے پولیس جیسے ادارے موجود ہیں جو قانون کی بالادستی اور عوام کی جان ومال کی حفاظت پر یقین رکھتے ہیں۔

چیئرمین پنجاب سکھ سنگت سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ وہ موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر ملک پاکستان کی شاہرات کو محفوظ بنانے کے مشن کوآگے لے جانے میں ہر ممکن کوشش کریں گے۔سیمینار کے اختتام پر موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں ڈی آئی جی محبوب اسلم کی قیادت میں اقلیتی رہنماؤں کے سا تھ مل کر وزیرِاعظم پاکستان کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت ایک علامتی والک کا بھی انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوام میں سرسبزو شاداب پاکستان کے حصول کے لئے اپنا اپنا کردار نبھانے بارے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کرسچن اور سکھ مذہبی رہنماؤں میں ٹریننگ کالج آمد پر یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

Leave a reply