شہر قائد میں ڈاکوؤں کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کا ایک اور انوکھا واقعہ

0
21

 شہر قائد میں ڈاکوؤں کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کا ایک اور انوکھا واقعہ

ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے بعد ڈیلیوری بوائے کو اس کا لوٹا سامان واپس لوٹا دیا اور گلے لگا تسلی بھی دی جس کی ویڈیو ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈاکوؤں کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کے ساتھ ‘رحم دلی’ کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار کے بعد ڈیلیوری بوائے کو اس کا لوٹا سامان واپس کیا جا رہا ہے، اور ڈاکو نے ستم رسیدہ لڑکے کو تسلی کے لیے گلے بھی لگایا۔یہ واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں پیش آیا، جس میں ڈاکو کو ‘بڑے دل’ کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

الفلاح سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہری کو لوٹنے آئے تو شہری نے اپنی مجبوریاں بیان کر ڈالیں، ‘رحم دل’ ڈکیت نے شہری کو سامان بھی واپس کر دیا اور تھپکیاں بھی دیتا رہا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری کو مجبوریاں بیان کرتے اور ڈاکو کو اسے تھپکیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹر سائیکل پر سوار دونوں ڈاکو شہری کی مجبوریاں سن کر خالی ہاتھ لوٹ گئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل جون 2020 میں بھی ایک ڈیلیوری کمپنی کے رائڈر کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیلیوری بوائے کھانے کا سامان دے کر اور پیسے لے کر جیسے ہی اپنی موٹر سائیکل بیٹھا ملزمان آدھمکے اوراس کی جیب سے بٹوہ نکال لیا جس پر ڈیلیوری بوائے نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگا۔

روتے ہوئے ڈیلیوری بوائے کو دیکھ کر ملزمان کو اس کی حالت پر رحم آگیا اور انہوں نے اس سے لی ہوئی چیزیں واپس کی اور اسےگلے لگا لیا اور اس سے ہاتھ بھی ملایا اور تسلی دے کر واپس چلے گئے۔ ملزمان کے جانے کے بعد بھی رائیڈر روتا رہا۔ سوشل میڈیا پر انسانیت کے نام سے ویڈیو وائرل ہو گئی اور لوگ اس منظر کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے ہیں۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوڈ ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کےلیے آنے والے ملزمان بھی نوجوان ہی ہیں سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ڈاکو بھی حالات کے مارے ہوئے ہیں۔ تاہم کچھ لوگوں نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلط غلط ہی ہے۔

Leave a reply