حکومت اورقوم کرونا کےخلاف مزاحمت کررہےہیں، شہبازشریف سیاست کے ذریعے شرارت کررہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

0
36

اسلام آباد:حکومت،ادارےاورقوم کرونا کےخلاف مزاحمت کررہےہیں ،شہبازشریف سیاست کے ذریعے شرارت کررہے ہیں،اطلاعات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن لیڈر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کورونا وائرس کی آڑ میں گند کھیل شروع کر دیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والے عوام دوست نہیں ہو سکتے۔ پوزیشن لیڈر اپنے آپ کوزندہ رکھنے کے لیے تنقید کرتے ہیں۔ وہ اپنی کورونا زدہ سوچ سے اجتناب کریں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام گندے سیاسی کھیل کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اپوزیشن لیڈر کا منفی رویہ ہماری کوششوں کو کمزور کر رہا ہے۔

ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف اپنے آپ کو قرنطینہ کریں، مثبت تجاویز دیں تو عمل کریں گے۔ بغض، عناد اور ہٹ دھرمی کی عینک اتار کر حقائق بیان کریں۔ وہ پنجاب میں دودھ کی نہریں نہیں چھوڑ کر گئے تھے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا ریلیف فنڈ میں اپنے اثاثوں سے کچھ رقم عطیہ کرکے عوام دوست ہونے کا ثبوت دیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈٰیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ملک اس وقت ایمرجنسی کی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ہم نے حق داروں تک ان کا حق پہنچانا ہے۔ کابینہ نے 1200 ارب کے معاشی پیکج کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں چاروں صوبوں میں گڈزٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ ہوا۔ سندھ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے گڈزٹرانسپورٹ کومسائل کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے رینجرز کو سندھ میں گڈز ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔

Leave a reply