شہری کی دیدہ دلیری، ڈاکوؤں کو لینے کے دینے پڑگئے

0
51

اسٹریٹ کرائم سے تنگ شہریوں نے اپنی حفاظت کے لئے پولیس پر انحصار کرنے کے بجائے خود ہی بندوبست کرنا شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر دو ڈاکو رینٹ اے کار کے مالک کو لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ ایک شہری نے انہیں دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ڈاکوؤں کو حراست میں لیتے ہوئے انہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا، زخمی ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی، واقعے کے بعد راشد منہاس روڈ پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

شہر قائد میں عام شہری کے ہاتھوں ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کے واقعات اب آئے روز پیش آنے لگے ہیں، روشنیوں کے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اسٹریٹ کرائمز کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں جبکہ پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈکیتی کی واردات: شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا

رواں ماہ کی نو تاریخ کو ڈیفنس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا تھا۔

سولہ جولائی کو کراچی کے علاقے کالا پل کے قریب بس کے اندر ایک شخص کی فائرنگ سے دو خواتین زخمی ہوئیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

ماہ جون میں جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کردیا تھا۔

Leave a reply