راولپنڈی :شمالی وزیرستان حملے میں شہید فوجی جوانوں کی تدفین کردی گئی ،اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دوران ڈیوٹی حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیض گنج کے علاقے لوٹھی سے تعلق رکھنے والے نوجوان اعجاز شر نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے اپنی مٹی اور وطن پر قربان ہوگیا۔
شہید فوجی کی میت آبائی گاؤں سمندر خان شر پہنچنے پر ہر آنکھ اشق بار رہی جبکہ شہید اعجاز علی شر کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
جنازے میں اعلیٰ فوجی افسران، اسسٹنٹ کمشنر سمیت علاقے کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی، شہید اعجاز علی 59 بلوچ رجمینٹ کا سپاہی تھا، شہید نے 6 ماہ قبل شادی جبکہ شہید کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 فوجی شہید ہوگئے جبکہ جوابی حملے میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے فوجی قافلے پر حملہ کیا گیا، فوجی جوانوں نے بھی حملہ آوردہشت گردوں کو موثر جواب دیا۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں فیصل آباد کے 36 سالہ حوالدار طارق یوسف ، سپاہی سلمان وقاص، سپاہی جنید علی، سپاہی اعجاز حسین، سپاہی وقار احمد، سپاہی محمد جواد، سپاہی ارشد علی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فوجی قافلے پر حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔