جنرل ندیم رضاکثیرالملکی بحری مشق امن-2021 کی تقریبات کےمہمان خصوصی۔غیرملکی عسکری وفود سےملاقاتیں

0
40

کراچی :جنرل ندیم رضاکثیرالملکی بحری مشق امن-2021 کی تقریبات کےمہمان خصوصی۔غیرملکی عسکری وفود سےملاقاتیں،اطلاعات کے مطابق کثیر الملکی بحری مشق امن-2021 ”امن کے لیے متحد“ نصب العین کے تحت جاری ہے۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی یہ مشق ، مشق میں شریک مختلف اقوام کو باہمی تبادلہ خیال اورمیری ٹائم تعاون کے فروغ کا موقع فراہم کرتی ہے۔ مشق کی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پی این ایس قاسم منوڑہ کراچی میں ایک شاندار انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے اورانسدادِ میری ٹائم دہشت گردی کے آپریشن کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا مہمانِ خصوصی تھے۔ انھوں نے کثیرالملکی بحری مشق امن-21 کے بطریقِ احسن انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

 

 

امن مشق-21 میں شریک ممالک کے بینڈز نے متاثرکن انٹرنیشنل بینڈز ڈسپلے پیش کیا جس کا مقصد مختلف اقوام کو ثقافت کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ قریب لانا ہے۔ سری لنکا کے ملٹری بینڈ، پاکستان کی تینوں افواج پر مشتمل بینڈ، سندھ رینجرز کے بینڈ اور کوسٹ گارڈ کے بینڈ نے روایتی اور ملٹری دھنیں بجائیں۔ان مسحورکن دھنوں کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ پاک میرین کی خصوصی رائفل ڈرل بھی اس سرگرمی کا حصہ تھی جس کے دوران مہارتوں و صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

 

علاوہ ازیں پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کا انسدادِ ہشت گردی آپریشن طاقت اور خصوصی مہارتوں کا قابل رشک مظاہرہ تھا جس کا مقصد میری ٹائم دہشت گردی کا مقابلہ، اسپیشل آپریٹنگ لائحہ عمل کو مزید بہتر بنانا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تبادلہ اور مشق میں شریک اسپیشل آپریشن فورسز ٹیموں کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ تھا۔

 

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا نے شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ بحری مشق امن-21 بحری دہشت گردی اور جرائم کے خلاف متحدہ عزم ، مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مندوبین کی ایک کثیر تعداد، غیر ملکی سفراء، مشق میں شریک بحری افواج کے آفیسرز و سیلرز اور پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے اور بحری دہشت گردی کے انسدادکے مظاہرے کو دیکھا۔

 

کثیرالملکی بحری مشق امن-21کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اُردن کی نیول فورس کے کمانڈرکرنل ہشام خلیل مبارک الجراح، کمانڈر جبوتی کوسٹ گارڈکرنل ویس عمار بوگرے(Wais Omar Bogoreh) ، ڈپٹی چیف آف رشین نیوی ہیڈکوارٹر ریئر ایڈمرل اولیگ اپیشیو (Oleg Apishev)، سری لنکن نیوی کے فلیٹ آفیسر کمانڈنگ ریئر ایڈمرل وائی ایم جی بی جے تھیلاک(YMGB Jayathilake)اور ڈپٹی کمانڈر یو ایس نیوسینٹ ریئر ایڈمرل کرٹ رینشا (Curt Renshaw)سے ملاقاتیں کیں۔اس کے علاوہ ڈپٹی کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز ایسٹرن فلیٹ ریئر ایڈمرل احمد بن محمد ، برازیل سرفیس فلیٹ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل روگیریو ڈا روچا(Rogerio Da Rocha)نے بھی سربراہ پاک بحریہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

 

ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی اشتراک اور میری ٹائم سیکیورٹی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے امن اور میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے مشق میں شرکت پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ نیول چیف نے خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی جو وہ ریجنل میری سیکیورٹی پٹرول اور دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور کثیرالملکی تعاون کے ذریعے اُٹھارہی ہے۔معزز مہمانوں نے کثیرالقومی بحری مشق امن-2021کے انعقاد اور خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی مدد کے ضمن میں پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم کا اعتراف کیا اور انہیں سراہا۔

اس کے علاوہ پاک بحریہ کی سرپرستی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر انتظام کثیرالملکی بحری مشق امن 21-کے دوران منعقد ہونے والی عالمی میر ی ٹائم کانفرنس کی دوسرے دن کی سرگرمیاں بھی اختتام پذیر ہوئیں۔ اس عالمی میری ٹائم کانفرنس کا موضوع ”ایک محفوظ اور پائیدار ماحول میں بحری اقتصادیات کی ترقی: بحر ہند کے مغربی خطے کے لیے ایک مشترکہ مستقبل“ ہے۔

کانفرنس کے دوسرے دن نامور قومی و عالمی اسکالرز نے میری ٹائم سیکیورٹی، ماحول اورخطے میں ترقی کے مواقع سے متعلقہ مختلف اُمور پر سیر حاصل گفتگو کی۔ میری ٹائم اُمور کے وفاقی وزیر، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر اور نامور اسکالرز نے کانفرنس میں شرکت کی جو کثیرالملکی ساتویں بحری مشق امن-21کے دوران منعقد ہو رہی ہے۔مزید برآں، امن مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے آفیسرز و جوانوں اور پاک بحریہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں کرکٹ ، باسکٹ بال، والی بال، شوٹنگ اور گالف کے مقابلے قابل ذکر ہیں۔

Leave a reply