ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : پاکستان ویمنز کے ہاتھوں نیوزی لینڈ ٹیم کو شکست

0
103

پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : پاکستان ویمنز ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی جیت ہوئی ، پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو ہرایا ہے۔ فاطمہ ثنا بولنگ اور شوال ذوالفقار بیٹنگ میں نمایاں رہی، فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ اور شوال ذوالفقار کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف پاکستان ویمنز کی تاریخی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کردیا۔ ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں یہ پہلی کامیابی ہے۔
دائیں ہاتھ کی میڈیم فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے صرف 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد اوپنر شوال ذوالفقار نے41 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔ڈنیڈن کے یونیورسٹی اوول میں کھیلے گئے اس پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن فاطمہ ثنا کی بولنگیجل نے اسے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر127 رنز تک محدود کردیا۔ پاکستان ویمنز نے 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
میزبان ٹیم کی اننگز میں میڈی گرین نے پانچ چوکوں کی مدد سے43 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ سوزی بیٹس نے دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کیے۔
فاطمہ ثنا نے اپنے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ڈیانا بیگ۔ ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


پاکستان ویمنز کی اوپنرز شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے40 رنز کا عمدہ آغاز کیا۔منیبہ علی چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ شوال ذوالفقار نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔انہوں نے کپتان ندا ڈار کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔ندا ڈار نےایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے23 رنز اسکور کیے۔
عالیہ ریاض نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے بارہ گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے25 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں ۔ بسمہ معروف نے ایک چوکے کی مدد سے13 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئیں۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 39 رنز کا اضافہ کیا۔نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے سوفی ڈیوائن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔فاطمہ ثنا اپنی شاندار بولنگ کے سبب پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی منگل کے روز اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں ہوگا۔

Leave a reply