روس میں ٹیلی گرام نے مقبولیت میں واٹس ایپ کو پیچھے چھوڑ دیا
میسجنگ ایپ ٹیلی گرام نے دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو پیچھے چھوڑ دیا لیکن ایسا پوری دنیا میں نہیں بلکہ صرف روس میں ہوا ہے۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلی گرام ، واٹس ایپ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے روس کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن بن گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق روس کی موبائل فون آپریٹر کمپنی میگافون نے پیر کے روز اعلان کیا کہ 24 فروری کو یوکرین میں جنگ شروع ہونے کے بعد روس میں ٹیلی گرام کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
روس کی موبائل فون آپریٹر کمپنی میگافون کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق روس یوکرین تنازع میں شدت آنے کے بعد لاکھوں صارفین نے واٹس ایپ کی بجائے ٹیلی گرام استعمال کرنا شروع کر دیا۔
میگافون کے مطابق مارچ کے پہلے دو ہفتوں میں مجموعی میسجنگ ٹریفک میں ٹیلی گرام کا حصہ 43 فیصد سے بڑھ کر 63 فیصد ہو گیا ہے جبکہ واٹس ایپ کا حصہ اسی عرصے میں 48 فیصد سے کم ہو کر 32 فیصد رہ گیا۔
امریکہ نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کو نسل کشی قرار دے دیا
اس سے قبل واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی ملکیتی کمپنی میٹا نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین میں جنگ کی حمایت کرنے والے روسی شہریوں اور جنگ میں حصہ لینے والے روسی فوجیوں کے خلاف پرتشدد میسجزکی اجازت دے گی۔
روس انسٹاگرام اور فیس بک کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر چکا ہے روس کا موقف ہے کہ یوکرین سے جنگ کے معاملے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا روس مخالف مہم چلانے میں کردار ادا کر رہی ہے۔