صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں پرندوں کے پنجروں کی تعمیر کیلئے 19 لاکھ 48 ہزار روپے کا ٹینڈر جاری کئے جانے کا سخت نوٹس لیا ہے اور فوری طور پر ٹینڈر منسوخ کر کے انکوائری کا حکم دیا گیا ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اخبار میں یہ ٹینڈر شائع ہونے پر انتہائی سخت نوٹس لیا ہے اور واضح طور پر کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کی طرف سے دیا گیا یہ اشتہار ایوان صدر کی منظوری کے بغیر جاری ہوا ہے. ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے فوری طور پر ٹینڈر جاری کئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم جاری کیا ہے.
واضح رہے کہ اخبار میں ٹینڈر کا یہ اشتہار جاری ہونے پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا کہ ایک طرف تو کفایت شعاری کی مہم کے دعوے کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب پرندوں کے پنجروں کیلئے لاکھوں روپے کے ٹینڈر دیے جارہے ہیں. سی ڈی اے کی جانب سے جو ٹینڈ ر نوٹس جاری کیا گیا تھا اس کے مطابق ایوان صدر میں ’مکاﺅ ‘طوطے رکھنے کے لیے پنجرہ تعمیر کرانے کی خاطر کنٹریکٹر درکار ہے ، اسی طرح یہ بھی کہا گیا تھا کہ پنجرے کی کل مالیت 19لاکھ 48ہزار ہو گی جبکہ ٹینڈر کی مالیت 1ہزار اور ایرنسٹ منی 58ہزارروپے ہے ۔