اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں اور صحافتی تنظیموں سے مزید مشاورت کر کے مسودہ قانون کو حتمی شکل دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نواز رضا کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں مریم اورنگزیب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خصوصی ہدایت پر جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل 2022ء وزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا۔
پی ایف یو جے کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو صحافیوں کو در پیش مشکلات اور پیشہ ورانہ مسائل سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے تحفظ کے (ترمیمی) بل 2022ء کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی میں اطلاعات، قانون، انسانی حقوق کی وزارتوں اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاملے کو جلد نمٹانے کے لئے کمیٹی میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محترمہ شاہیرہ شاہد بھی شامل ہیں، صحافیوں اور صحافتی تنظیموں سے مزید مشاورت کرکے مسودہ قانون کو حتمی شکل دیں گے، صحافیوں کا تحفظ اور پیشہ ورانہ سازگار ماحول فراہم کرنا اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ذمہ داری سنبھالتے ہی میڈیا مخالف قوانین اور ضابطوں کو ختم کرنے کا عمل شروع کیا، صحافت زنجیروں میں لپٹی ہو تو جمہوریت بھی پابند سلاسل ہوتی ہے، میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کسی پر احسان نہیں بلکہ آئین کا بنیادی تقاضا اور حق ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزادی صحافت کا احترام جمہوریت کی بنیاد ہے، میڈیا کی آزادی سے ہی سیاست بھی زندگی پاتی ہے، میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو فیک نیوز اور پراپگنڈہ نیوز کو روکنے کے لئے اپنا فعال کردارادا کرنا ہوگا، میڈیا کی آزادی اور احساس ذمہ داری میں توازن سے معاشرے میں بڑھتی تقسیم کو روکا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ اختلاف رائے اور نفرت کے درمیان فرق سمجھانے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صحافی تنظیموں کی سفارشات کی روشنی میں مل کر صحافیوں کے مسائل حل کریں گے۔