سی ٹی ڈی کے شہید افسروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

0
87

لاہور: خانیوال میں فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے حساس ادارے کے شہید افسروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ڈائریکٹر نوید صادق شہید، انسپکٹر ناصر عباس شہید کی نماز جنازہ ملتان، خانیوال اور لاہور میں ادا کی گئی، جس میں سول ملٹری حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی کے افسران خفیہ کارروائی کے دوران خانیوال کے قریب ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے کہ ایک ملزم نے فائرنگ کر کے ایک ڈائریکٹر اور انسپکٹر کو شہید کر دیا تھا۔

 

خانیوال میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعے میں حساس ادارے کے دو افسروں کی شہادت کے بعد دہشت گرد عمر خان کے خلاف ملتان کے سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم عمر خان نے دہشت گرد اسداللہ اور دیگر تنظیموں کی معاونت سے حملہ کیا۔ ملزم کالعدم تنظیموں سے روابط کے باعث واچ لسٹ میں بھی شامل تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مفرور دہشت گرد عمرخان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے نوید صادق اور ناصرعباس خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے لئے جارہے تھے۔ چائے پینے کےلیے پیروال کے ہوٹل میں رکے، جہاں ملزم نے پارکنگ میں فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

نوید صادق کو دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں اور نیٹ ورکس توڑنے پر ستارہ شجاعت سے بھی نوازا گیا تھا۔

دوسری طرف اسلام آباد میں ہونیوالے خودکش دھماکہ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ، پولیس اور حساس اداروں نے 10 سے زائد دہشتگرد گرفتار کرلیے۔اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خودکش دھماکے کا پورا نیٹ ورک پکڑ لیا، پولیس اور حساس اداروں نے 10 سے زائد دہشت گرد گرفتار کرلیے ، دہشتگردوں کا نیٹ ورک ملک کے مختلف علاقوں میں پھیلا ہوا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، 23 دسمبر 2022 کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پولیس چیک پوائنٹ پر خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے تھے ۔

Leave a reply