جی سیون ممالک کا روس پرمکمل معاشی پابندیوں کےحوالےسےمشاورت

برسلز:جی سیون ممالک کا روس پر مکمل معاشی پابندیوں کے حوالےسے مشاورت ،اطلاعات کے مطابق جی سیون ممالک کے رہنماؤں نے روس کے خلاف اقتصادی اور مالی پابندیوں کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے بعد جی سیون ممالک کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔

بیان میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم روس پر زور دیتے ہیں کہ وہ یوکرین کے تمام علاقوں سے اپنی فوجی افواج اور ساز و سامان واپس لے۔

ہسپتالوں اور سکولوں سمیت شہروں کے بنیادی ڈھانچے پر تباہ کن حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی افواج کو حملے سے قبل آبادی کے انخلاء کے لیے محفوظ راستہ فراہم کرنا چاہیے تھا۔

جارحیت کے معماروں اور حامیوں بشمول روسی صدر پوتن اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی حکومت کو ان کے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائیگی اور اس مقصد کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

بیان میں روس کو خبردار کیا گیا کہ ایسی تمام سرگرمیوں سے روس کو باز رہنا چاہیے جس سے جوہری تنصیبات کو خطرہ لاحق ہو۔ کیمیائی، حیاتیاتی اور جوہری ہتھیاروں یا متعلقہ مواد کا استعمال نہ کیا جائے۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جائے گی اور خوراک کے بحران کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔یاد رہے، جی سیون گروپ جرمنی، امریکہ ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، اٹلی اور جاپان، اور یورپی یونین پر مشتمل ہے۔

Comments are closed.