وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کی پنشنزمیں اضافے کی منظوری دے دی

0
34

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کی پنشنزمیں اضافے کی منظوری دے دی ،اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایمپلائز اولڈایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ (ای او بی آئی) کی پینشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

مذکورہ منظوری وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای او بی آئی کی پینشن 6500 سے بڑھا کر 8500 روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

ای او بی آئی ماہانہ پینشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا۔ذرائع کے مطابق بقایاجات سمیت اضافی پینشن یکم اگست سے حاصل کی جاسکے گی۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ ای او بی آئی پینشنرز کی پینشن میں 62 فیصد اضافہ تحریک انصاف حکومت کی 20 ماہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں ای او بی آئی پینشنرز کی پنشن میں اضافہ کی منظوری کے بعد معاون خصوصی نے اپنے پیغا م میں کہا کہ ای او بی آئی کے پینشنرز کی پنشن میں اضافہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے جس کے تحت وہ کم آمدن والے طبقے کو بہتر معیار زندگی دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اضافہ کے ساتھ پنشنرز کی پنشن میں پی ٹی آئی کے پچھلے 20 ماہ کے دورِ اقتدار میں 62 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، موجودہ حکومت اداروں میں ریفارمز کے لیے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی پینشنرز کو اب ماہانہ 8500روپے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں مرضی کے بندے کو لگا کر ای او بی آئی کو لوٹا گیا، جس کے اثرات غریب پینشنرز پر پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت اپنے پانچ سال کے دوران ای او بی آئی پینشنرز کی پنشن کو 15ہزار ماہانہ تک لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کو ڈیجیٹلائزیشن پراسس میں لایا جارہا ہے جس سے اس کے نظام میں شفافیت آجائے گی۔

Leave a reply