یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان وفات پاگئے

0
39

متحدہ عرب امارات کے صدر کی وفات پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول کا اظہار افسوس

متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زاید النہیان وفات پا گئے۔،اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے انتقال پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ خلیفہ بن زایدالنہیان کے انتقال پر40 روز کےسوگ کے ساتھ 3روز کی عام تعطیل بھی ہوگی جب کہ اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔صدارتی اعلان میں کہا گیا ہےکہ وفاقی سرکاری اور نجی شعبے میں تین دن تک تعطیل رہے گی

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے اور انہوں نے اپنے والد شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کی وفات کے بعد یواےای کی قیادت سنبھالی تھی

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے قابل رہنما اور پاکستان نے عظیم دوست کھو دیا ہے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں،

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج نے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے، اللہ تعالیٰ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اللہ تعالیٰ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے ،آمین

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے صدر مملکت نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر شاہی خاندان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور مرحوم کیلئے درجات کی بلندی کی دعا کی

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ،بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا متحدہ عرب امارات کی ترقی میں مثالی کردار ناقابل فراموش ہے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال سے خطہ عرب ایک غیرمعمولی حکمران سے محروم ہوگیا،

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ یو اے ای کی ترقی میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا کردار بے مثال ہے، پاکستان آج ایک قابل بھروسہ دوست اور بھائی سے محروم ہو گیا ہے،یو اے ای کے عوام اور شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے،

تحریک انصاف کے چیئرمین،سابق وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدراورابوظہبی کے حاکم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت کے بارے میں جان کر واقعتاً نہایت رنجیدہ ہوں۔ وہ پاکستان کے ایک عظیم دوست اور اپنے لوگوں کے صاحبِ بصیرت رہنما تھے میری دعائیں اور ہمدردیاں شاہی خاندان اور اماراتی عوام کے ساتھ ہیں

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یو اے ای کی ترقی و خوشحالی کیلئے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔مسلم اُمہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے بھی ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات نے دن دگنی رات چگنی ترقی کی اور ان کی معاشی اور عوام دوستی پالیسوں کی بدولت یو اے ای نے ترقی کے بے شمار منازل طے کیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان اور یو اے ای کے مابین تعلقات کو موثر فروغ ملا اور دونوں ممالک نے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور سوگوارن کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی دعا کی

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حاکم شیخ خليفہ بن زايد آل نهيان کی انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، متحدہ عرب امارات کے عوام سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر متحدہ عرب امارات شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر پوری اسلامی دنیا سمیت پاکستان اور بالخصوص پنجاب کے عوام سوگوار ہیں، جن کی ایک بڑی تعداد وہاں مقیم ہے۔ پاکستان اور عرب امارات کے انتہائی قریبی برادرانہ تعلقات کی بنا پر تمام پاکستانی شاہی خاندان اور ملک کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چودھری شجاعت حسین ،چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم شاہی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے درجات بلند فرمائے.متحدہ عرب امارات کی جدید ترقی میں ان کا بڑا اہم کردار تھا، یو اے ای ایک عظیم فرمانروا سے محروم ہو گیا

ن لیگی رہنما رانا مشہود احمد خاں نے شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا متحدہ عرب امارات کی ترقی میں مثالی کردار ناقابل فراموش ہے۔اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ نقصان عظیم برداشت کرنے کا صبر دے۔ آمین

مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی اسفندیارولی خان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔دکھ کی گھڑی میں اے این پی ان کے خاندان، حکومت اور اماراتی عوام کے ساتھ ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا ۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان جدید امارات کے مؤجد تھے۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے بہترین تعلقات میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا کلیدی کردار تھا ۔

Leave a reply