Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

غزہ :اسرائیلی حملے میں حماس کے سینیئر کمانڈر سمیت 2 فلسطینی شہید

ghaza2

منگل کی صبح غزہ سٹی کے نصر محلے میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے مسلح ونگ کے شمالی غزہ کے سربراہ عزالدین البیک شہید ہوگئے۔


برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلسطینی طبی حکام نے کہا ہے کہ حملے میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عزالدین البیک سمیت کم از کم 2 افرادشہید ہوئے، زخمی ہونے والا ایک شخص بعد میں دم توڑ گیا حملے میں دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔


حماس نے بھی عزالدین البیک کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کردی ہے۔


اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے عزالدین البیک کو نشانہ بنایا کیونکہ وہ حملوں کی منصوبہ بندی اور جنگجوؤں کی بھرتی میں ملوث تھے، اسرائیلی حکام نے حالیہ ہفتوں میں حماس کے خلاف حملے تیز کیے ہیں۔


دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملوں یا اپنے ہتھیاروں کا ذخیرہ دوبارہ بنانے کی کوشش نہیں کر رہا،حماس کا الزام ہے کہ اسرائیل غزہ جنگ بندی معاہدے کو مسلسل کمزور کر رہا ہے۔


غزہ میں اکتوبر 2025 میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے ہیں اقوام متحدہ کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے 25 ستمبر تک غزہ میں کم از کم 1402 فلسطینی شہید اور 4881 زخمی ہوچکے تھے۔


غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 19 ستمبر تک اسرائیلی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک فلسطینیوں کی مجموعی شہادتوں کی تعداد 73,910 ہوچکی تھی، جبکہ 174,914 افراد زخمی ہوئے۔ وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد بھی 1,390 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔