امیر جماعت اسلامی سے منسوب لغو اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں،لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے ایک خصوصی بیان میں لیاقت بلوچ نے و ضاحت کی کہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت امیر جماعت اسلامی سے منسوب لغو اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
جماعت اسلامی کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ ایک خصوصی بیان میں لیاقت بلوچ نے ذر ائع ابلاغ پر چلنے والی ان رپورٹس کو مکمل طور پر غلط اور من گھڑت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی میں صرف 35 سے 40 روپے کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے عوام پر لیوی اور مختلف ٹیکسز کے نام پر مسلط کردہ ‘بھتہ خوری’ کے خلاف احتجاجی دھرنے اور مارچ کر رہی ہے,جماعت اسلامی کی اولین ترجیح پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور دیگر ٹیکسوں کی مد میں وصول کیے جانے والے 130 روپے سے زائد کے اضافی بوجھ کا مکمل خاتمہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے رابطہ کرنے پر بھی حافظ نعیم الرحمان نے اس بھتہ خوری کے مکمل خاتمے کا ہی مطالبات پیش کیا تھا۔ وزیراعظم نے بیرون ملک دورے سے واپسی پر قوم کو بڑے ریلیف پیکج دینےکی یقین دہانی کرائی تھی، اور جماعت اسلامی کو امید ہے کہ وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کر یں گے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق عوام کو ریلیف نہ دیا اور مطالبات تسلیم نہ کیے تو جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد کی جانب ‘سپر مارچ’ کا آغاز کرے گی۔
مزید پڑھیں




