تمام موٹرویز کل صبح ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی، ترجمان
موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کل صبح 6 بجے سے تمام موٹرویز ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق ایم ون، ایم 14 اور ای 35 سمیت تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا جائے گا ایم ون پشاور موٹروے، ایم 14 اسلام آباد-ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اور ای 35 ہزارہ موٹروے سمیت تمام موٹرویز پر ٹریفک بحال کردی جائے گی۔ شہری کل صبح 6 بجے کے بعد ان شاہراہوں پر معمول کے مطا بق سفر کرسکیں گے,ایم ون، ایم 14، ای 35 اور دیگر اہم شاہراہوں کی بندش کا پس منظر 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اعلان کردہ احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق سیکیورٹی انتظامات تھا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 ستمبر کو ایم ون، ایم 14، ہزارہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے بعض حصوں سمیت متعدد اہم راستوں کو رات 11 بجے سے تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکام کی جانب سے اس اقدام کی وجہ امن و امان کی صورتحال بیان کی گئی تھی۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا، جبکہ ایم 14 کو ہکلہ سے کنڈل تک بند رکھا گیا۔ جی ٹی روڈ بھی اٹک خورد کے مقام پر بند کیا گیا تھا, اسی طرح ای 35 ہزارہ موٹروے کو برہان انٹرچینج کے قریب بند کیا گیا تھا، جبکہ دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت محدود کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، جس کے پیش نظر حکومت اور سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد آنے والے اہم زمینی راستوں پر رکاوٹیں اور سیکیورٹی انتظامات کیے تھے,بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کو 4 اکتوبر تک مؤ خر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس پیش رفت کے بعد بند کی گئی اہم شاہراہوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں




