Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حوثیوں کا مکہ مکرمہ پر مبینہ ڈرون حملہ , سعودی عرب کا سخت کارروائی کا عندیہ

riyadh

سعودی عرب کی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے ان کے دفاعی نظام نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ کی جانب بڑھنے والے ایک حوثی ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا ہے۔


سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں بتایا کہ سعودی ایئر ڈیفنس نے مکہ مکرمہ کے جنوبی علاقے میں ڈرون کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مقدس شہر کی حدود میں داخل ہونے والا تھا,جولائی 2017 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔


ترجمان نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسلامی دنیا کے مقدس مقامات اور حجاجِ کرام کی سلامتی ہمارے لیے سرخ لکیر ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بلکہ حوثیوں کے خلاف تمام ضروری اور سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


دوسری جانب حوثی حکام نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے,حوثی پولیٹیکل بیورو کے رکن محمد الفرح نے انکشافات کو گھناؤنا جھوٹ قرار دیا، جبکہ حوثی ترجمان حازم الاسد نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ ایک پرانا اور گھسا پٹا جھوٹ ہے جسے پہلے بھی استعمال کیا گیا اور اب یہ کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔


دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے تمام مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والی مجرمانہ کارروائی قرار دیا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔


خطے میں جاری اس شدید کشیدگی اور فضائی حملوں کے پیشِ نظر امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے سعودی عرب کا سفر کرنے سے پہلے دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔


امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو ایران اور حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے خبردار کیا ہے۔