Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میرا تعارف ، کاشف خان

نقطہ نظر
kashifkhan

میرا نام کاشف خان ہے۔ میری تعلیمی قابلیت ایم اے ایجوکیشن ہے، جبکہ بیچلر کی سطح پر جرنلزم بطور مضمون پڑھا ہے۔ اور گوجرانوالا کا رہائشی ہوں


میں 2012 سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہوں۔ صحافت کی جانب آنے کا سفر ایک خواب سے شروع ہوا۔ جب میں اخبارات اور رسائل کا مطالعہ کرتا اور ان میں مختلف لوگوں کی تصاویر، خبریں اور تحریریں دیکھتا تو میرے دل میں بھی یہ خواہش پیدا ہوتی کہ ایک دن میری تصویر بھی اخبار میں شائع ہو، میری خبریں بھی اخبارات کی زینت بنیں اور میری تحریریں لوگوں تک پہنچیں۔


اسی خواہش نے مجھے عملی جدوجہد کی طرف راغب کیا۔ میں نے کوشش شروع کی کہ عوام کی آواز بنا جائے، عام آدمی کے مسائل کو اجاگر کیا جائے اور معاشرے میں ہونے والی ناانصافیوں کو قلم کے ذریعے سامنے لایا جائے۔ بالخصوص غریب اور کمزور طبقے کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو اپنی تحریروں کا موضوع بنایا اور ملکی و معاشرتی حالات پر کالم لکھنے کا سلسلہ شروع کیا۔


صحافتی سفر کے دوران مجھے مختلف اخبارات، نیوز پلیٹ فارمز اور میڈیا اداروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جن میں گوجرانوالا ٹائمز، دی ون نیوز، سی این ایس، چٹان نیوز، ٹارگٹ ٹی وی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔اس وقت بھی میں مختلف میڈیا پلیٹ فارمز سے وابستہ ہوں۔ موجودہ ذمہ داریوں میں نامہ نگار لاہور رنگ، نیوز ایڈیٹر سفیر امن اور ڈپٹی بیورو چیف، انٹرنیشنل میڈیا ٹاکس (انگلش اخبار) شامل ہیں۔


میری صحافتی تحریروں کا بنیادی محور عام عوام، ان کے مسائل، معاشرتی ناانصافیاں، ملکی حالات اور ان طبقات کی آواز بننا ہے جن کی آواز اکثر طاقتور حلقوں تک نہیں پہنچ پاتی۔ میرے نزدیک صحافت صرف خبر دینے کا نام نہیں بلکہ معاشرے کے مسائل کو ذمہ داری کے ساتھ اجاگر کرنا بھی صحافی کا اہم فریضہ ہے۔


آج مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں معروف صحافی، تجزیہ کار، کالم نگار اور اینکر پرسن مبشر لقمان کی زیرِ نگرانی چلنے والے باغی رائٹرز فورم کا حصہ ہوں۔ یہ میرے صحافتی سفر میں ایک اہم اعزاز ہے اور میرے اندر لکھنے، سچ کو اجاگر کرنے اور عوامی مسائل کو قلم کے ذریعے سامنے لانے کا جذبہ آج بھی اسی طرح قائم و دائم ہے۔


میری کوشش ہے کہ میرا قلم عام آدمی کی آواز، مظلوم کے لیے امید اور معاشرے کی اصلاح کے لیے ایک مثبت کردار ادا کرتا رہے۔