رکشے میں بیٹھی خاتون سے مبینہ ہراسانی، پولیس اہلکار معطل

شہرِ قائد میں پولیس اہلکار کی جانب سے رکشہ روک کر اندر بیٹھی لڑکی کو دوستی کی پیشکش کرنے کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی -
کراچی کے علاقے عزيز بھٹی میں رکشے میں سوار خواتین کو ہراساں کرنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکار عمران کو فوری طور پر معطل کر دیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار کو رکشے میں بیٹھی خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے واقعے کا نوٹس لیا۔
متاثرہ خواتین کے مطابق اہلکار نے زبردستی دوستی، ناشتے اور مالی مدد کی پیشکش کرتے ہوئے موبائل نمبر حاصل کیا اور بغیر وردی ملنے کا اصرار کیا- رکشہ روکتے ہی رکشے میں سوار دوسری لڑکی نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل فون کا کیمرہ آن کر کے واقعے کی فلم بندی کر لی۔
https://x.com/MalakAatifKhan/status/2101249569396760615?s=20
مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی کو ہراساں اور غیر متعلقہ گفتگو کرنے والا پولیس اہلکار عزیز بھٹی تھانے میں تعینات بتایا جاتا ہے,ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اعلیٰ حکام سے ذمہ دار اہلکار کے خلاف فوری اور سخت قانون کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ویڈیو وائر ہونے کے بعد حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا-
کراچی پولیس اس سے قبل بھی شہریوں کو پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ ہراسانی یا اختیارات کے غلط استعمال کی صورت میں شکایت درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1715 پر رابطے کی ہدایت کرچکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں یہ قدم اٹھایا گیا ہے اور معطل اہلکار کے خلاف مزید سخت محکمہ جاتی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔





