Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انجلینا جولی نے غزہ کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کردیں

Angelina Jolie Plans Move Abroad, Says She ‘No Longer Recognizes America’ | Baaghi TV

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کی سابق خصوصی سفیر انجلینا جولی نے غزہ میں جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی ’پہلے اور بعد‘ کی سیٹلائٹ تصاو یر شیئر کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔


انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر غزہ کے مختلف علاقوں کی جنگ سے قبل اور جنگ کے بعد کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ اب گوگل ارتھ کے ذریعے دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ کے ساتھ کیا ہوا۔


اداکارہ نے کہا کہ غزہ کے پورے کے پورے محلے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں جبکہ گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں، سڑکوں، پانی اور نکاسیٔ آب کے نظام سمیت بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا یا مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔


انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے سیٹلائٹ تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 جون 2026 تک غزہ کی 82 فیصد عمارتیں متاثر ہوچکی تھیں جن میں تقریباً دو تہائی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ غزہ کی 19 لاکھ 80 ہزار افراد یعنی 94 فیصد آبادی کو پناہ گاہ اور بنیادی ضروری اشیا کی امداد درکار ہے جبکہ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔


انجلینا جولی نے امدادی سامان اور عارضی پناہ گاہوں کے لیے درکار مواد کی فراہمی میں رکاوٹوں اور تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی امداد شہریوں تک مطلوبہ پیمانے پر پہنچنا ضروری ہے,غزہ کے شہریوں کو موسم سرما سے قبل پناہ گاہیں فراہم کی جائیں، اسپتالوں تک طبی سامان پہنچایا جائے اور انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی لائی جائے۔


اداکارہ نے کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر غزہ میں ہونے والی تباہی کی شدت تو دکھاتی ہیں تاہم یہ تصاویر ان خاندانوں کے دکھ اور نقصان کو بیان نہیں کرسکتیں جن کے پیارے جنگ میں جاں بحق ہوئے، نہ ہی ان لوگوں کی مشکلات کی مکمل عکاسی کرتی ہیں جو اس تباہی کے بعد زندہ بچ گئے۔


انہوں نے کہا کہ ایسے حالات پیدا کرنا ضروری ہیں جن میں فلسطینی شہری اپنے گھر، اسکول، اسپتال اور اپنی برادریاں دوبارہ تعمیر کرسکیں۔ انجلینا جولی نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ تباہی سب کے سامنے ہے، ضروریات معلوم ہیں، اب اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ان ضروریات کو پورا کیا جاتا ہے یا نہیں۔