Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایشین گیمز کرکٹ فائنل: بھارت نے پاکستان کو 212 رنز کا ہدف دے دیا

مصنف:

ناگویا: ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا ہے۔


جاپان کے شہر نشین میں کھیلے جا رہے فائنل میں بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو جارحانہ شروعات فراہم کی۔سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، جبکہ ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے۔ ایشان کشن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تلک ورما نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔


پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بھارتی ٹیم نے فائنل کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود میدان میں اترے ہیں۔


دوسری جانب میچ کے دوران بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان سے ہاتھ نہیں ملایا، جس کے باعث کھیل کے میدان میں روایتی اسپورٹس مین اسپرٹ سے متعلق ایک بار پھر بحث چھڑ گئی۔واضح رہے کہ جاپان کے شہر نشین میں بارش کی پیشگوئی کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشین گیمز کے فائنل میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔