عائشہ عمر نے جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین اور بچوں کے لئے آواز اٹھا دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین اور بچوں کے لئے آواز اٹھا دی-
عائشہ عمر نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں جنسی تشدد کا ارتکاب کرنے والے مردوں کو سزا دینے کے بجائے متاثرہ خواتین کو موردِ الزام ٹھہرانے کے رجحان پر شدید تنقید کی ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ مرد خواتین، بچوں، جانوروں اور یہاں تک کہ مُردوں کو بھی جنسی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں لیکن پھر بھی سوالات خواتین کے لباس، وقت اور ان کے گھر سے باہر نکلنے پر اٹھائے جاتے ہیں۔
عائشہ عمر نے پوسٹ میں سوال کیا کہ متاثرہ خواتین کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے یہ سوال کیوں نہیں پوچھا جاتا کہ مرد جنسی تشدد کا ارتکاب کرتے کیوں ہیں؟
اداکارہ نے یہ پوسٹ اپنی انسٹا اسٹوری پر ایسے وقت شیئر کی ہے جب جنسی تشدد کے متعدد واقعات خبروں کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔





