Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بھارت: ہزاروں مسلمانوں نے مزاحمت کرکے 600 سالہ قدیم ’شاہی مسجد‘ شہید کرنے کی کوشش ناکام بنادی


بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے تاریخی شہر اجین میں 600 سال پرانی قدیم ’شاہی مسجد‘ کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے مسلمانوں نے منفرد انداز میں سخت مزاحمت شروع کر دی ہے۔


تفصیلات کے مطابق، بھارتی پولیس کی بھاری نفری اور ریپڈ ایکشن فورس (RAF) کی تعیناتی کے ساتھ انتظامیہ نے رات گئے مسجد کے کچھ حصوں کو مسمار کرنے کا پلان بنایا تھا، تاہم، کارروائی کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور مسجد کے اندر اور باہر جمع ہو کر دھرنا دے دیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد اور ان کی شدید مزاحمت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو کارروائی روکنا پڑی۔


یہ تنازع 2028 میں ہونے والے ہندوؤں کے مذہبی میلے ’سمہاستھا کمبھ‘ کے انفراسٹرکچر منصوبے کی وجہ سے سامنے آیا ہے انتظامیہ کا موقف ہے کہ میلے سے قبل سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے شاہی مسجد کے کچھ حصے کو مسمار کیا جانا ضروری ہے، جس کے لیے اسے نشان زد بھی کیا جا چکا ہے۔


دوسری جانب، مقامی مسلمان اس 600 سالہ تاریخی اور مذہبی ورثے کی حفاظت کے لیے گزشتہ 2 ہفتوں سے مسلسل سراپا احتجاج ہیں،مسجد میں موجود مظاہرین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متفقہ فیصلے کے تحت مقامی آبادی نے شفٹوں میں مسجد کے اندر اور اطرا ف میں پہرہ دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ انتظامیہ کو سرپرائز کارروائی کا موقع نہ ملے مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس مذہبی ور ثے کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔


اجین کے کشیدہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ مقامی مسلمانوں کا احتجاج اور دھرنا تاحال جاری ہے-