قومی کرکٹر کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، تاہم میچ ریفری کے طور پر ان کا کرکٹ سے تعلق بدستور استوار رہے گا۔
کائنات امتیاز نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 19 ایک روزہ اور 21 ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیلے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے میچ ریفری کے طور پر اپنے کیریئر کا نیا سفر بھی شروع کردیا ہے اور حال ہی میں اگست اور ستمبر میں منعقدہ پی سی بی نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹی20 ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والی کائنات نے اکتوبر 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پوچفسٹروم میں اپنا ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور پاکستان کی ٹی20 کیپ نمبر 22 حاصل کی،بعد ازاں انہوں نے بنگلہ دیش کے فتح اللہ میں آئرلینڈ ویمنز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور پاکستان کی 64ویں ون ڈے کیپ بنیں۔
کائنات امتیاز نے 2017 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور ایونٹ میں 4 میچز کھیلے،وہ 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ویمنز ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔ 2010 میں چین اور 2014 میں جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین گیمز میں پاکستان نے خواتین کے کرکٹ مقابلوں میں طلائی تمغے حاصل کیے تھے۔
کائنات 2022 میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے لیے پاکستان ویمنز اسکواڈ میں بھی شامل تھیں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف گابا میں کھیلا، جبکہ ان کا آخری ٹی20 انٹرنیشنل اکتوبر 2022 میں سلہٹ میں تھائی لینڈ کے خلاف تھا۔
کائنات امتیاز نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز فروری 2007 میں کیا، جب انہوں نے پی سی بی نیشنل اسکولز انڈر 17 ویمنز چیمپئن شپ میں کراچی اسکولز انڈر 17 ٹیم کی نمائندگی کی،انہوں نے مارچ 2008 میں ڈومیسٹک لسٹ اے کرکٹ میں قدم رکھا، جبکہ جولائی میں اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا۔
کائنات امتیاز کا تعلق ایسے کرکٹ خاندان سے ہے جہاں کھیل سے وابستگی کا سلسلہ جاری ہے،ان کی والدہ سلیمہ امتیاز نے 2024 میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں پاکستان کی پہلی خاتون امپائر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا وہ اب تک 9 ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرچکی ہیں۔
مزید پڑھیں





